ملتان: معمولی جھگڑے پر وارڈن نے نوجوان گرفتار کرا دیا، باپ صدمے سے چل بسا
ملتان (خبر نگار خصوصی) تھانہ شاہ رکن عالم کے علاقہ میں ہاتھا پائی کے بعد بیٹے کی گرفتاری کی خبر سن کر باپ صدمے سے چل بسا‘ ورثاء نے لاش تھانے کے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ ٹریفک وارڈن نے اغوا کئے جانے کی کوشش کا الزام عائد کردیا۔ تفصیل کے مطابق حضوری چوک پر موٹر سائیکل ٹکرانے پر نوجوان عاقب اور سول کپڑوں میں ملبوس ٹریفک وارڈن میں جھگڑا ہو گیا جس پر ڈولفن فورس نے عاقب اور اس کے دو کزن گرفتار کر لئے لڑائی جھگڑے کی اطلاع سن کر عاقب کے والدین بھی موقع پر پہنچ گئے بیٹے کی رہائی کے لئے اہلکاروں کی منت سماجت کرتے رہے لیکن ٹریفک وارڈن نے بات نہیں مانی اس دوران عاقب کے والد اقبال کو دل کا دورہ پڑا اور وہ جاں بحق ہو گیا جس پر ورثاء سراپا احتجاج بن گئے اقبال کی نعش تھانے کے باہر رکھ کر احتجاج کرتے رہے متوفی کی بیوہ کا کہنا ہے کہ منت سماجت کے باوجود اس کے بیٹے کو نہیں چھوڑا گیا میرے شوہر کا قاتل ٹریفک وارڈن ہے جبکہ ٹریفک وارڈن عادل کا موقف ہے کہ اسے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی جس پر ڈولفن فورس کے ذریعے اس نے نوجوانوں کو گرفتار کرا دیا تاہم بعد ازاں پولیس نے عاقب اور اس کے ساتھیوں کو رہا کر دیا۔