جہلم: باتھ روم میں گیس بھر جانے پر دم گھٹنے سے 2 کمسن بہنیں جاں بحق، والدین پر غشی کے دورے
جہلم + دینہ (نامہ نگاران) دینہ میں گیزر لیکج کے باعث باتھ روم میں گیس بھر جانے سے نہاتے 2 بچیاں دم گھٹنے پر جاں بحق ،گھر والوں نے دروازہ توڑ کر باہر نکالا ،غم سے نڈھال والدین پر غشی کے دورے پڑنے لگے۔ گزشتہ روز دینہ کے نواحی علاقہ ڈھوک اعوان کے پیر امجد پرویز کی 2 بچیاں گھر میں نہاتے ہوئے گیزر سے گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے جاںبحق ہو گئیں ،بتایا جاتا ہے کہ 14سالہ اقراء نویں کلاس کی طالبہ تھیں 9 سالہ صبا پانچویں جماعت کی طالبہ تھی۔ گھر میں گیس سے چلنے والا گیزر لگا کر نہا رہیں تھیں کہ گیس لیکج کے باعث باتھ روم میں گیس بھر گئی اور دم گھٹنے سے دونوں بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔ کافی دیر گزرنے کے بعد گھر والوں نے دیکھا کہ ابھی تک بچیاں باہر نہیں آئیں دروازہ کھٹکٹانے پر کوئی جواب نہ ملنے پر گھر والوں نے دروازہ توڑا تو آگے مردہ حالت میں پڑی ہوئیں تھی جنہیں فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سنٹر دینہ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے دم گھٹنے کی وجہ گیس کی لیکج بتائی، اس افسوسناک حادثہ کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا ،والدین پر غشی کے دورے پڑتے رہے۔