• news

سیالکوٹ: سب انسپکٹر سمیت درجنوں افراد کا قاتل دہشت گرد ساتھی سمیت پولیس مقابلے میں ہلاک

سیالکوٹ (نامہ نگار) سب انسپکٹر سمیت درجنوں افراد کا قاتل، داعش کا رکن گزشتہ رات ساتھی سمیت پولیس مقابلہ میں مارا گیا۔ ضلعی پولیس نے تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ جودھے والی میں انتہائی خطرناک دہشت گرد یاسر عرفات عرف ٹینا اور اسکے ساتھی کو گزشتہ رات پولیس مقابلہ میں ہلاک کر دیا۔ تھانہ صدر پولیس نے موٹر سائیکل سوار محمد مشتاق کی رپورٹ پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق محمد مشتاق موٹر سائیکل پر سوموار اور منگل کی درمیانی شب جودھے والی سے گزر رہا تھا کہ پانچ ڈاکوؤں نے لوٹنے کی نیت سے اسے روکنے کی کوشش کی۔ جس پر مشتاق نے اپنا موٹر سائیکل بھگا دیا ملزمان نے اس پر فائرنگ کی تاہم وہ بال بال بچ گیا ڈاکوؤں کے یاسر عرفات عرف ٹینا اور ایک نامعلوم شخص گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گئے۔ واضح رہے کہ 23فروری 2017کو گوہد میں مہر خالد کے دو بیٹوں مہر مقدس اور مہر وسیم کو چار ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ بعد ازاں چار میں سے تین ڈاکومختلف پولیس مقابلوں ہلاک کر دیئے گئے تھے جبکہ ان کا چوتھا ساتھی یاسر عرفات عرف ٹینا ڈاکو گرفتار نہیں ہوا تھا اس کی طرف سے مہر خالد کو دھمکیاں مل رہی تھیں۔ بعد ازاں یاسر عرفات عرف ٹینا نے مقدمہ کی پیروی سے باز نہ آنے پر 2دسمبر 2017کو مہر خالد اور سات سالہ بچی سحر بنت نوید کو قتل اور ایک راہگیر طیب کو زخمی کیا تھا۔ دہشت گرد یاسر عرفات عرف ٹینا نے 28نومبر کو تھانہ حاجی پورہ کے علاقہ گورنمنٹ سردار بیگم ہسپتال کے قریب 55سالہ سب انسپکٹر امداد حسین شاہ کو دن دیہاڑے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن