ملک کو اتحاد کی ضرورت، انتشار پھیلانے والے دشمن ہیں: احسن اقبال
کوئٹہ(نوائے وقت رپورٹ) وزیرداخلہ احسن اقبال نے کوئٹہ میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب میں کہا ہے کہ توانائی کے بحران پر قابو پاکر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا گیا۔ سڑک ترقی کی کنجی ہے۔ موجودہ حکومت نے سڑکوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد ڈیموں اور پانی کے منصوبے صوبوں کے حوالے ہیں۔ جو پاکستان کو انتشار کی جانب دھکیل رہا ہے وہ ملک دشمن ہے۔ بیرونی دبائو کا مقابلہ اتفاق و اتحاد سے کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں این ای ایس ٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مستقبل کی ضروریات کے تحت اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر توجہ دے رہے ہیں‘ اعلیٰ تعلیم کی کمی کی وجہ سے آج کوئی بو علی سینا یا ابن الہیشم پیدا نہیں ہورہے‘ مسلم دنیا کے پیچھے رہ جانے کی وجہ سائنس و ٹیکنالوجی سے دوری ہے‘ نچلے طبقے کے طلباء کو تعلیم کی فراہمی ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے ممنوعہ بور کے اسلحہ کے لائسنس سے متعلق ہدایات جاری کردی ہیں۔آٹومیٹک اسلحے کو نیم خودکار میں تبدیل کرنے یا واپس کرنے کیلئے 31 جنوری تک کی مہلت دی گئی ہے۔وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق مہلت سے استفادہ نہ کرنے والوں کے اسلحہ لائسنس منسوخ تصور کئے جائیں گے جبکہ خود کار اسلحہ واپس کرنے والے کو فی بندوق50ہزار روپے دئیے جائیں گے۔خود کار پستول کی واپسی پر20ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ اسلحہ ڈپٹی کمشنر، ڈی سی او اور پولیٹیکل ایجنٹ کے دفاتر میں واپس کرایا جاسکتا ہے۔وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے 31جنوری 2018 تک مہلت سے استفادہ نہ کرنے والوں کے اسلحہ لائسنس منسوخ تصور کیے جائیں گے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اور حکومتی ادارے اس سے مستثنیٰ ہیں۔