• news

خصوصی شاہی طیارے پر سعودی عرب پہنچ گئے، عوام دھرنے، نعرے نہیں مسائل کا حل چاہتے ہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف خصوصی طیارے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ وہ سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اور سعودی عرب میں اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے ۔شہباز شریف کیلئے سعودی عرب کی جانب سے خصوصی طیارہ بھجوایا گیا تھا۔ قبل ازیں منتخب نمائندوں سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت سے بڑھ کر اور کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے گئے ہیں۔ مخالفین کی منفی سیاست کی پروا کئے بغیر ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ عوام دھرنے اور نعرے نہیں بلکہ اپنے مسائل کا عملی حل چاہتے ہیں اور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون دعوے اور کون انکی خدمت کر رہا ہے۔نام نہاد تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ اپنے صوبے میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہ کرنے والے ترقی کے عمل سے خائف ہیں۔ دھرنے والوں نے اپنے صوبے میں عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔ ملک و قوم کا قیمتی وقت دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے ضائع کرنے والوں نے صرف ذاتی مفادات کی سیاست کی ہے۔ باشعور عوام کو تبدیلی کے کھوکھلے دعووں سے نہیں بہلایا جاسکتا کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ دھرنوں اور خالی نعروں سے تبدیلی نہیں آتی۔ تبدیلی کے جعلی دعویداروں نے قوم کا وقت برباد کرنے کے سوا عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ان افراد کے پاس عوام کے لئے کچھ نہیں۔ قوم کا وقت برباد کرنے والوں کے لئے آئندہ انتخابات میں شکست نوشتہ دیوار ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں کی تیزرفتار اور معیاری تکمیل ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اقتدار سنبھالتے ہی کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر توانائی کے منصوبوں پر کام کیا۔ لوڈشیڈنگ کے اندھیرے چھٹ گئے ہیں۔وطن عزیز کو مستحکم اور خوشحال بنانے کے لئے آخری سانس تک کام کرتے رہیں گے۔ ملک کسی انتشار اور افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سب مل کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کریں۔ پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے ’’ہم‘‘ کے راستے پر چلنا ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی امیدوں پر ہمیشہ پوری اتری ہے۔2018 کے انتخابات میں عوام کا بھرپور مینڈیٹ حاصل کریں گے۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے، اسی جذبے سے خدمت کرتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ائیرپورٹ چا ئنہ ریلوے نورینکو کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت چائنہ ریلوے کے صدرجو کر رہے تھے۔چائنہ ریلوے ، نورینکو کے وفد نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعلی شہبازشریف کے ویژن کے مطابق منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے پوری توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور الیکٹریکل اور مکینیکل کام کی جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین عام آدمی کی فلاح و بہبود کا عظیم الشان منصوبہ ہے ۔ایک سیاسی جماعت نے منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر کرا کے عام آ دمی سے کھلی دشمنی کی جبکہ اب ہمیں اس 22ماہ کی تاخیر کا ازالہ دن رات محنت اور شبانہ روز کام کر کے کرنا ہے۔وزیراعلیٰ شہباز شریف سے وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ اور چیئرمین قرآن بورڈ پنجاب مولانا غلام محمد سیالوی نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے، اس کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مل کر طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں۔ زندگی کے ہر طبقے نے پاکستان کو آگے لے جانے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔نجی ٹی وی کی مسلم لیگ (ن) کے قریبی ذرائع کے مطابق شہباز شریف سعودی شاہ سلمان کی دعوت پر سعودی عرب گئے۔ سعودی سفیر نے 3 روز قبل وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی تھی اور انہیں شاہ سلمان کی طرف سے فوری ملاقات کا پیغام دیا تھا۔ ملاقات کے پیغام کے بعد شہباز شریف نے نواز شریف کی اجازت سے شاہ سلمان سے ملاقات کی حامی بھری اور وزیراعلی پنجاب کے لئے شاہی خاندان کا خصوصی طیارہ بھیجا گیا۔ لیگی ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت کو امریکہ کی طرف سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں پر تشویش ہے۔ شہباز شریف اپنے دورے میں سعودی فرمانروا اور ولی عہد محمد سلمان سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دونوں ممالک امریکی دھمکیوں پر متفقہ لائحہ عمل طے کریں گے۔ ذرائع نے کہا کہ امریکی دھمکیوں کے معاملے پر سعودی عرب پاکستان کی مدد کی خواہش رکھتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن