• news

سی ڈی اے کی بہتری کیلئے اس میں ہنگامی تبدیلیاں لانا ہونگی: طارق فضل

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرمملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میں ہنگامی تبدیلیاں لانا ہو گی ادارے کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنا نا ہو گا۔ سرکاری افسران اپنی نوکریا ں کر کے چلے جاتے ہیں اداریکی جانب سے ماسٹر پلان 1960کا بنا ہواہے ، جس میں ترامیم ضروری ہیں ۔ ملک میں سب سے زیادہ ہجرت دارالحکومت کے علاقے میں ہو رہی ہے۔ ادارے کی بہتری کیلئے ٹاپ آف دی لائن پرائیویٹ سیکٹر کو لانا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینیٹرزہدایت اللہ ، کامل علی آغا، کلثوم پروین ، حاجی سیف اللہ بنگش اور محمد اعظم خان سواتی کے علاوہ وزیرمملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، سیکرٹری کیڈ نرگس گھیلو ، ایڈیشنل سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن افضل لطیف، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد ، جی ایم اسلام آباد کلب ، ممبر پلاننگ سی ڈی اے و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اراکین کمیٹی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر کیڈ نے یقین دہانی کرائی کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کے قیام کیلئے زمین وفاقی حکومت الاٹ کرے گی جس پر اراکین کمیٹی کی رائے پر پمز ہسپتال کو شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی سے الگ کرنے کے ترمیمی بل 2017 کی متفقہ منظوری دے دی گئی۔اراکین کمیٹی نے کہا کہ پمز ہسپتال اوریونیورسٹی کو الگ الگ ہونا چاہئے۔ وزیر کیڈ نے یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹرز کو بھی ریگولر کیا جائے گاکسی کو واپس نہیں بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پمز میں کئی آسامیاں خالی ہیں ، ان پر ایف پی ایس سی کے ذریعے بھرتی ہوگی۔سیکرٹری کیڈ نرگس گھیلو نے کہا کہ یونیورسٹی کو اراضی الاٹ کرنے کے لئے سی ڈی اے کو خط لکھ دیا گیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن