کراچی:این ٹی ایس ٹیچرز کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا
کراچی(صباح نیوز)کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع کے اساتذہ کا کراچی پریس کلب کے باہر بدھ کوتیسرے روز بھی احتجاج جاری رہا، اساتذہ کا کہنا ہے کہ مطالبات کی عدم منظوری پر بھوک ہڑتال کریں گے۔ کراچی پریس کلب کے باہر کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع آئے این ٹی ایس پاس اساتذہ کااحتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا، دو روز قبل محکمہ تعلیم سندھ میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے تحت کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے سینکڑوں مرد و خواتین اساتذہ نے مستقل نہ کیے جانے پر احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی اساتذہ کا کہنا تھا کہ وہ این ٹی ایس ٹیسٹ پاس کرکے محکمہ تعلیم میں بھرتی ہوئے تھے اور محکمہ تعلیم نے 2014 دسمبر میں ان اساتذہ کو تقرر نامے جاری کیے تھے جس میں کنٹریکٹ کی مدت تین سال تھی جبکہ اساتذہ کے تقرر کے وقت ان سے یہ کہا گیا تھا کہ آپ کا تین سال کا کنٹریکٹ ہے اور بعدازاں آئی بی اے سندھ یونیورسٹی کے ذریعے تقرر ہونے والے اساتذہ کی طرح آپ کو بھی مستقل کردیا جائے گا تاہم مدت ختم ہونے کے بعد چند دن قبل وزیر تعلیم کی جانب سے یہ احکامات دیے گئے کہ اساتذہ کو دوبارہ تحریری امتحان دینا پڑے گا۔