فیول ایڈجسٹمنٹ، نومبر کیلئے بجلی قیمت میں 3.11 روپے فی یونٹ کمی
اسلام آباد(نا مہ نگار ) نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 3روپے 11پیسے کمی کردی،قیمتوں میں کمی سے صارفین کو 25ارب روپے کے لگ بھگ ریلیف ملے گا۔ جمعرات کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین طارق سدوزئی نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے موقع پر نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3روپے11پیسے کمی کی منظوری دے دی گئی۔ قیمتوں میں کمی سے صارفین کو 25ارب روپے کے لگ بھگ ریلیف ملے گا۔صارفین کو یہ ریلیف جنوری دو ہزار اٹھارہ کے بلوں میں دیا جائے گا۔نرخوں میں کمی کا اطلاق300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو اور زرعی صارفین پرنہیں ہوگا۔کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی قیمتوں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔دوران سماعت چیئرمین نیپرا کاکہنا تھا کہ ملک میں زیادہ صلاحیت کی بجائے کم صلاحیت والے پاور پلانٹ چلائے جارہے ہیں جبکہ سستے پاور پلانٹ کا نہ چلنا مصیبت بنتا جارہا ہے۔سی پی پی اے کی جانب سے نومبرکے بلوں میں ریلیف دینے کی درخواست میں بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں ایک روپے سینتالیس پیسے کمی کی استدعا کی گئی تھی ۔درخواست میں 15ارب 77کروڑ روپے پرانی ایڈجسٹمنٹ صارفین کو منتقل کرنے کی استدعا کی گئی۔