• news

مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے پر امت نے یک زبان ہو کر امریکی فیصلے کی مخالفت کی: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہبازشریف اورترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم کے درمیان مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ کے داخلی دروازے کے با ہر ملاقات ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے ایک دوسرے کے ساتھ مصافحہ کیااورگلے ملے۔ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اورنیک خواہشات کااظہار کیا۔شہبازشریف نے کہا کہ آپ سے مسجد نبویؐ کے مقدس ترین مقام پر ملنے کی بہت خوشی ہوئی ہے ۔پاکستان اورترکی برادر اسلامی ممالک ہیں ۔مقبوضہ بیت المقدس کے مسئلے پر امت مسلمہ نے یک زبان ہوکر امریکی فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس کے مسئلے پر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کاکردار مثالی رہا ہے ۔ہر مسلمان سعودی عرب کے مقدس مقامات سے روحانی لگاؤ رکھتا ہے ۔ ترک وزیراعظم نے اپنے بھائی شہبازشریف سے ملاقات کی ،بہت مسرت ہوئی ہے ۔قبل ازیں شہباز شریف نے مسجد نبویؐ میں نماز فجر ادا کی، روضہ رسولؐ پر حاضری دی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ‘ پاکستان کے استحکام اور امن وسلامتی کے لئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے مسجد نبویؐ میں نوافل بھی ادا کئے۔ شہباز شریف سے لوگوں نے والہانہ محبت اور خلوص کا اظہارکیا ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ میں مدینہ منورہ اور مسجد نبویؐ میں لوگوں کی جانب سے ملنے والی محبت اورعزت واحترام پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں اورلوگوں نے جس بے پناہ محبت اور عزت و احترام کا اظہار کیا ہے وہ میرے لئے متاع عظیم ہے۔ان لوگوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور بے پناہ محبت سے نوازا ہے۔شہباز شریف نے موسیقار ماسٹر عاشق حسین کے انتقال ‘ چیچہ وطنی روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ شہباز شریف نے زیرعلاج سینئر صحافی منو بھائی کو گلدستہ بھجوایا۔

ای پیپر-دی نیشن