• news

سیاسی دبائو مصلحت‘ پی سی بی کا صدر ایل سی سی کے خلاف چارج شیٹ پر سمجھوتہ کرنے پر غور

لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) سیاسی دباؤ، مصلحت، ملی بھگت یا کچھ اور، پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور گورننگ بورڈ کے رکن شاریز روکھڑی کو پابندی سے بچانے کے لیے اپنی جاری کی ہوئی چارج شیٹ پر سمجھوتہ کرنے پر غور شروع کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے ایل آر سی اے کے الیکشن سے قبل ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن میں بد انتظامی، مختلف معاملات میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور اور سلیکشن میں بے قاعدگی اور بے ضابطگیوں کی وجہ سے چارج شیٹ جاری کی تھی۔ شاریز روکھڑی نے ناصرف یہ چارج شیٹ عدالت میں چیلنج کی بلکہ عدالتی حکم کے ذریعے کرکٹ بورڈ کو اپنے خلاف کارروائی سے بھی روک دیا۔ لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات میں شاریز روکھڑی نے کامیابی حاصل کرکے گورننگ بورڈ کی رکنیت حاصل کر لی۔ اب انہوں نے کیس واپس لے لیا ہے۔ بورڈ حکام نے انہیں چارج شیٹ کے مطابق کم از کم ایک سال کی پابندی لگانے کے بجائے جرمانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ بورڈ حکام اگر ایسا کرتے ہیں تو وہ اپنے ہی قوانین اور آئین سے انحراف کریں گے۔ گورننگ بورڈ کے کرکٹ سے نابلد ایک رکن نے تو قائداعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کو ختم کرنے کی بھی تجویز دی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورننگ بورڈ کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اب سیاسی اثرورسوخ کا استعمال کرتے ہوئے بورڈ حکام کو اپنے حق میں فیصلہ کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ بورڈ نے شاریز خان روکھڑی کے خلاف چارج شیٹ کے مطابق ایک سال کی پابندی نہ لگائی تو اعلی عدالت سے رجوع کرنیکا آپشن استعمال کیا جائے گا۔ دوسری طرف نئی انتظامیہ کے چارج سنبھالتے ہی سلیکشن کی شکایات آنا شروع ہو گئی ہیں قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور تیز گیند باز وہاب ریاض کے اس معاملے پر لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن انتظامیہ سے اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن