• news

بھارت فوج کو لگام دے‘ مداخلت کا منہ توڑ جواب دیں گے: چین

بیجنگ (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) چین نے کہا ہے کہ بھارت اپنے سرحدی محافظوں کو سختی سے کنٹرول میں رکھے، بھارت امن و استحکام کے لئے سرحدی معاہدوں کی پاسداری کرے، چین اپنی سرحدوں کی حفاظت اور سلامتی کے لئے تمام اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بھارت کی کسی بھی قسم کی مداخلت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ چینی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل رین گائو کیانگ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین اپنی سرحدوں کی حفاظت اور استحکام کیلئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں رکھے گا، چین اور بھارت کے مابین تعلقات 2017 میں 1962ء کے بعد بدترین سطح پر رہے ہیں، چین نے کبھی بھی صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ہے، لیکن چین کی امن پسندی کو کمزوری مت سمجھا جائے، انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے سرحدی محافظوں کو سختی سے کنٹرول میں رکھے بھارت کو کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی مہنگی پڑ سکتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت امن و استحکام کیلئے سرحدی معاہدوں کی مکمل پاسداری کرے تاکہ دوطرفہ امن کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو آگے بڑھایا جاسکے۔ ترجمان نے کہا کہ چین اپنی سرحدوں کی حفاظت سے غفلت کا مرتکب نہیں ہوسکتا وہ کسی بھی جارحیت اور مداخلت کی صورت میں تمام اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ بھارت معاہدوں کی پاسداری کرے۔ ترجمان چینی وزارت دفاع کرنل رین نے متنبہ کیا ہے کہ بھارت سرحدوں پر اپنی فوج کو لگام دے۔ دونوں افواج میں صحت مند مواصلات ہونی چاہئے۔ فوجی روابط کیلئے بھارت کو مثبت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ عالمی امن اور استحکام کے لئے چین و امریکہ مابین سرد جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے، باہمی مخالفت سے عالمی مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا، امریکہ و چین مابین تعاون انتہائی نا گزیر ہے، امریکا چین سے مقابلہ کی بجائے تعاون کی فضا قائم کرے۔ عالمی استحکام، تعمیر و ترقی اور امن کے لئے ضروری ہے کہ چین اور امریکا مابین تعاون کی فضا قائم رہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ جب جب دونوں ممالک مابین مقابلہ بازی کی فضا قائم ہوئی ہے حالات عالمی سطح پر بد سے بد تر ہوتے چلے گئے ہیں۔ دوطرفہ تعاون انتہائی ناگزیر ہے۔ عاملی استحکام بھی دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر منحصر ہیں۔ امریکا کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ چین امریکہ کا حریف نہیں ہے۔ عالمی معاملات پر دونوں ممالک کو ایک صفحہ پر ہونا چاہئے۔ باہمی مخالفت سے عالمی مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ دو طرفہ سرد جنگ کا جلد ہی خاتمہ ہو گا اور دونوں ممالک مابین تعلقات اور تعاون کی فضا قائم ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن