پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے: لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی صورت اضافہ نہ کرے کیونکہ معاشی اشارے پہلے ہی غیر تسلی بخش ہیں، اگر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا تو کوئی بھی شعبہ متاثر ہونے سے نہیں بچے گا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہیے، یہ صنعتوں کا اہم خام مال ہے جو پہلے ہی مشکلات سے دوچار اور عالمی منڈی میں جگہ بنانے کے لیے تگ و دو کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت پر پٹرول بم گرانے کے بجائے حکومت غیر پیداواری اخراجات میں کمی لائے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کچھ اضافہ ہوا ہے لیکن یہ اضافہ آگے منتقل کرنے کے بجائے حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ڈیوٹیاں اور ٹیکسز کم کرے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر نقصان دہ اثرات کو مدنظررکھے بغیر اْن اداروں کی سفارشات پر عمل درآمد کردیا گیا جنہیں صنعت و تجارت کے حالات سے کوئی سروکار نہیں تو صرف صنعت ہی نہیں زراعت بھی مزید مسائل سے دوچار ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نشوونما کا دارومدار زرعی شعبے پر ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے زرعی شعبے کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوجائے گا کیونکہ ٹریکٹروں، ٹیوب ویلوں، ہارویسٹرز اور دیگر زرعی مشینری میں ہائی سپیڈ ڈیزل بطور ایندھن استعمال ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی جانب سے تھرمل جنریشن کی لاگت بھی بڑھ جائے گی جس سے صنعتی شعبے کو بہت نقصان ہوگا۔لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے کہا کہ نہ صرف اشیاء کی نقل و حمل مہنگی ہوجائے گی بلکہ عوامی ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بڑھ جائیں گے جس سے عام لوگ بہت بُری طرح متاثر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زیادہ تر بجلی تھرمل ذرائع سے پیدا کرتی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناکر بجلی کے نرخ مزید بڑھا دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے لہذا اگر ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے تو اسے فورا ترک کردیا جائے۔