گنے کے وزن میں کٹوتی پر میری شوگر ملز کیخلاف بھی کارروائی کی جائے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ گنے کے وزن میں کٹوتی کی شکایت ملنے پر شوگر ملز مالک کے خلاف مقدمہ درج ہوگا اورگرفتاری بھی ہوگی۔ مدینہ منورہ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے قائم خصوصی کمیٹی کی سفارشات اور تجاویز پر غورکیاگیا اور گنے کے کاشت کاروں کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر قانونی کنڈے لگانے والوں کے خلاف تسلسل کے ساتھ کارروائی جاری رکھی جائے اور قانون کے کٹہرے میں لایاجائے۔ صوبہ بھر میں گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ وزراء اورسیکرٹریز تسلسل کے ساتھ دورے کریں اوران دوروں کے نتائج سے مجھے آگاہ کیاجائے۔ کاشتکاروں کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے مل مالکان سے کوئی لحاظ نہیں کیا جائے گا ،شوگرمل والے سن لیں کہ کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔کسی کو گنے کے کاشتکاروں کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گنے کے وزن میں کٹوتی کرنے والی شوگر مل والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اوراگرمیری مل بھی گنے کے وزن میں کٹوتی کرے تو ان کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے کیونکہ میری پوری ہمدردیاں کاشتکاروں بھائیوں کے ساتھ ہیں ان کے مفادات کا تحفظ میری ذمہ داری بھی ہے اورمیں یہ ذمہ داری ہر صورت پر نبھانے کا عزم رکھتا ہوں۔ کاشتکار بھائیوںکے مالی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ِ کسی کو گنے کے کاشتکار کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔گنے کے کاشتکاروں کی محنت کا پھل ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ شہبازشریف نے ترقیاتی منصوبوں پر فیلڈ میں جا کرپیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ خصوصی کمیٹی کے ارکان فیلڈ میں جا کرخود ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور رپورٹ پیش کریں گے۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال2017-18 پر پیش رفت کاجائزہ لیاگیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ متعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری کردہ فنڈ کا مقررہ مدت میں درست استعمال یقینی بنائیںکیونکہ ترقیاتی فنڈز کے بروقت اوردرست استعمال سے عوام منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوتے ہیں۔ شفافیت، رفتار اورمعیار حکومت پنجاب کا طرئہ امتیاز ہے۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے ذریعے اربوں روپے کے قومی وسائل بچانے کا اعزاز حکومت پنجاب کو ہی حاصل ہے۔حکومت پنجاب نے رواں مالی سال میں صوبے کے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے اور یہ ترقیاتی پروگرام نہ صرف صوبے کی تیزرفتار ترقی بلکہ عوام کی پائید ار خوشحالی کا ضامن ہے۔ پنجاب حکومت کا سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی کا آئینہ دار ہے اور اس پروگرام میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کی سکیموں کو ترجیح دی گئی ہے۔