• news

شہباز شریف آج سعودی ولی عہد سے ملاقات کرینگے‘ شاہ سلمان سے بھی ملنے کا امکان

ریاض + لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف آج سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے۔ سعودی فرمانروا سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف آج ہفتہ کو دوپہر سوا 12 بجے سعودی ائر لائن کی پرواز 737 کے ذریعے لاہور سے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ نوازشریف عمرے کی سعادت حاصل کرنے اور مسجد نبویؐ پر حاضری دینے کے علاوہ سعودی عرب میں دوستوں سے ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر بھی سعودی عرب میں موجود ہیں۔ نوازشریف سے سینیٹر سعود مجید‘ وزیرمملکت بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا‘ ساہیوال سے رکن قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف نے ملاقات کی۔ نوازشریف نے ان رہنمائوں سے موجودہ سیاسی صورتحال سمیت پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں نواز شریف نے نماز جمعہ جاتی امرا میں ادا کی اور اپنے والد کی قبر پر حاضری دی۔ اس موقع پر محفل میلاد میں شریف خاندان کے افراد اور مسلم لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے مسجد نبویؐ میں نماز جمعہ ادا کی اور روضہ رسولؐ پر حاضری دی۔ شہباز شریف نے روضہ رسولؐ پر حاضری کے دوران نبی کریمؐ کی شان میں درود سلام کا ہدیہ پیش کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے رات گئے مسجد نبویؐ میں نوافل ادا کئے اور نماز پڑھی۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی ترقی‘ عوام کی خوشحالی اور امن و امان کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ وزیراعلی نے امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن