• news

ہائیکورٹ نے میئر اسلام آباد کی بطور قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے تعیناتی غیر قانونی قرار دیدی

اسلام آباد (وقائع نگار+آئی این پی+ این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی بطور قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے تعیناتی غیرقانونی قرار دیتے ہوئے نوٹیفیکیشن معطل کر دیا اور حکومت کو 45 روز میں نیا چیئرمین سی ڈے اے تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے شہری کی درخواست پر شیخ انصر عزیز کے دو عہدے رکھنے کے خلاف درخواست پر 22 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت کی جانب سے تحریری فیصلے میں کہا گیا شیخ انصر عزیز کی تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ۔ سی ڈی اے کے بورڈز ممبر تعینات کیے جائیں، فیصلے کے بعد 45 روز میں نیا چیئرمین سی ڈی اے پانچ سال کے لیے تعینات کیا جائے، شیخ انصر کے بطور چیئرمین سی ڈی اے کئے گئے فیصلے برقرار رہیں گے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا 1960ء کے آرڈیننس کے مطابق سی ڈی اے خود مختار ادارہ ہے، آرڈیننس میں سی ڈی اے چیئرمین اور بورڈ کو بھی خودمختاری دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت سی ڈی اے کو کسی بھی ضرورت میں ہر طرح کی مدد کرنے کی پابند ہے۔ عدالت نے شیخ انصر کی بطور ایگزیکٹو ممبر سی ڈی اے کا نوٹیفیکیشن بھی معطل کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن