• news

2013ء میں اشرافیہ سے تنگ نوجوانوں نے اپنا مستقبل پی ٹی آئی کے سپرد کیا: پرویز خٹک

پشاور(آئی این پی ) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں عوام دشمن سیاسی اشرافیہ سے تنگ عوام خصوصاً نوجوانوں نے تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور نوجوانوں نے اپنا مستقبل پی ٹی آئی کے سپرد کردیا۔ موجودہ صوبائی حکومت نے عوامی توقعات کے عین مطابق تعلیم، صحت، پولیس اور خدمات کے دیگر شعبوں میں عوامی خدمت کا نیا اسلوب متعارف کرایا۔ قانون سازی اور اصلاحات کی ایک تاریخ رقم کی۔ خدمات کی فراہمی کا یہ اسلوب اگرچہ صوبے کے عوام کیلئے نیا ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ ہر حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کی خدمت کرے اور ہر حکومت کو یہ ذمہ داری سمجھنی چاہئے مگر بد قسمتی سے ماضی میں حکومتوں نے اس ذمہ داری کا احساس نہیں کیا۔ تحریک انصاف نے اس مردہ احساس کو زندہ کیا اور سرکاری وسائل کو عوام کی فلاح کیلئے خرچ کیا جو روایتی سیاستدانوں اور عوام دشمن عناصر کیلئے خطرے کی گھنٹی بن چکا ہے۔ ہمارے ان اقدامات سے مخالفین پریشان ہیں۔ بدعنوان مافیا کے نااہل اور کرپٹ نظام سے مفادات وابستہ تھے۔ واحد عمران خان ہے جس کو عوام کی فکر ہے اور انہوں نے عوامی خدمت کا قابل عمل منشور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ویلج کونسل بانڈہ نبی ٹو یونین کونسل ڈاگئی اور کچہ گڑھی میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ای پیپر-دی نیشن