ہائیکورٹ کا مخدوم شہاب کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایفی ڈرین کیس میں نامزد ملزم سابق وزیر مخدوم شہاب الدین کا نام ای سی ایل سے نکالنے کاحکم دے دیا ہے۔ کیس کی سماعت عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بنچ نے کی، عدالت نے کیس پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ ایفی ڈرین کیس میں مخدوم شہاب الدین نے بیرون ملک جانے کے لیے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا وہ علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں ان کے خلاف ایفی ڈرین کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے لہذا ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔