فیصل آباد: اہلکاروں پر گولیاں چلا کر بھاگنے والے 2 ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے ہلاک
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ڈولفن فورس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے تبادلہ سے 2 ملازمین زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے موٹرسائیکل سوار 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا جو بعدازاں فرار کی کوشش کے دوران فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق غوثیہ پارک کے بلاک میں ڈولفن فورس کے جوانوں عدیل، شاہد، محمد علی اور مزمل نے موٹرسائیکل پر سوار 2 افراد کو رکنے کا اشارہ کیا مگر انہوں نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر 2 ملازمین عدیل اور شاہد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے تعاقب کرکے دونوں ملزموں شہروز عرف نومی اور محسن علی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق بعدازاں دونوں ملزموں نے فرار کی کوشش کی جس پر مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے دونوں ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ وقوعہ کی اطلاع ملنے پر آر پی او بلال صدیق کمیانہ، سی پی او اطہر اسماعیل، ڈی سی سلمان غنی و دیگر پولیس افسران نے ہسپتال جا کر زخمی جوانوں کی عیادت کی۔ ملزم شہروز عرف نومی کیخلاف تھانہ گلبرگ، بٹالہ کالونی، منصورآباد اور تھانہ مدینہ ٹاؤن میں ڈکیتی و دیگر سنگین وارداتوں کے مقدمات درج تھے۔ مزید برآں ڈکیتی، چوری، راہزنی کی مسلح وارداتوں کے دوران ڈاکوؤں کے چار رکنی گروہ نے کار سوار فیملی کو لوٹنے کے دوران مزاحمت کرنے پر زخمی کر دیا۔ لاہور کا بیس سالہ بہادر چک نمبر 475گ۔ب میں مسلح ڈکیتی کی واردات کے دوران زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گیا جبکہ 35 وارداتوں کے دوران شہری 12موٹرسائیکلیں، کاروں سے محروم ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے دکانوں، گھروں کا صفایا کر دیا، قیمتی پارچہ جات، زیورات، نقدی اور بھاری سامان لوٹ لیا۔ لاہور کا رہائشی 20سالہ بہادر اپنے والد بابر علی، والدہ عاصمہ، کزن کامران اور دیگر اکرام و صادق کے ساتھ کیری ڈبہ میں سوار ہو کر 486گ۔ب سمندری جا رہے تھے کہ سمندری روڈ پر چار رکنی کار سوار مسلح افراد نے انہیں روک لیا جنہوں نے اسلحہ کے زور پر نقدی تیس ہزار، موبائل فونز و قیمتی پارچہ جات چھین لئے جبکہ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بہادر کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ رضا آباد میں رزاق کی موٹرسائیکل چور لے اڑے۔ مسلح افراد نے اقبال نگر میں آصف سے موٹرسائیکل، محمد آباد مین بازار میں عرفان سے موٹرسائیکل، یاسر ٹاؤن میں نجف کا موٹرسائیکل ڈاکوؤں نے چھین لئے۔ کوہ نور پلازہ میں فہیم کے آفس کے نامعلوم چوروں نے تالے توڑے اور وہاں سے پانچ ہزار کی نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو گئے۔ کمپنی باغ کے قریب سلیمان سے موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے نقدی و موبائل فون چھین لیا۔ رحمان چوک میں حبیب الرحمن سے چھ ہزار روپے نقدی، موبائل فون و دیگر سامان مسلح افراد نے چھین لئے۔ چن ون روڈ میں زین شہزاد، ٹوٹیاں والا کھوہ میں عرفان، جھنڈوالی میں غلام مصطفی، تیزاب مل روڈ میں مزمل، چک نمبر240ر۔ب روڈالہ میں اسحاق سے مسلح افراد نقدی، موبائل فونز و دیگر قیمتی سامان چھین کر لے گئے۔ رندھاوا بلڈنگ کچہری کے قریب فیصل کی موٹرسائیکل چور لے اڑے۔