مظاہرے غیر قانونی ٹرمپ کا بیان موقع پرستی ہے:ایران
تہران+ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی+ آن لائن) امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران میں جاری مظاہروں کے حوالے سے حکومتی ردِعمل پر دنیا بھر کی نظر ہے۔ صدر ٹرمپ کی پریس سیکرٹری سارہ ہکابی سینڈرز نے دعویٰ کیا کہ ایرانی عوام حکومت کی بدعنوانی سے تنگ آ چکے ہیں۔ امریکی دفتر خارجہ نے گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔ یاد رہے کہ ایران میں جمعرات سے شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہرے اب ملک کے دیگر بڑے شہروں تک پھیل گئے ہیںاطلاعات کے مطابق شمال میں راشت اور مغرب میں کرمانشاہ میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہو رہے ہیں‘ سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ بیسیوں پکڑے گئے۔ جبکہ جمعہ کو ہونے والے احتجاج کی ویڈیوز جو سوشل میڈیا پر شائع کی گئیں ان میں سکیورٹی فورسز اور بعض مظاہرین کے درمیان کرمانشاہ میں ہونے والی جھڑپیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ ان مظاہروں کا آغاز اس وقت ہوا جب صدر حسن روحانی کی حکومت بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی۔ ایرانی حکومت نے مظاہروں کو غیرقانونی قرار دیدیا۔ ایران وزیر داخلہ عبدالرحمن رحمانی فضلی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان غیر قانونی اجتماعوں میں شرکت نہ کریں کیونکہ اس سے ان کے اپنے لیے اور دوسرے شہریوں کے لئے مسائل پیدا ہوں گے۔ ایرانی انتظامیہ نے ان مظاہروں کا الزام انقلاب کے مخالفین اورغیر ملکی ایجنٹوں پر لگایا ہے۔ ٹرمپ نے ٹویٹر پیغام میں کہا لگتا ہے ایرانی عوام حکمرانوں کی کرپشن سے تنگ آ گئے۔ ایران کے عوام، حکومت کی بدعنوانی اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے لئے ملکی دولت کی فضول خرچی سے تنگ آگئے ہیں۔ ایرانی حکومت کو عوامی حقوق کا احترام کرنا چاہئے۔ ایران میں مظاہروں پر امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیان پر ایران کے ردعمل میں کہا امریکی صدر کا بیان غیر متعلقہ، موقع پرستانہ ہے۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایرانی عوام گھٹیا، دھوکے باز ہتھکنڈوں میں نہیں آتے۔ٹرمپ نے کہا جابر ریاستیں ہمیشہ قائم نہیں رہتی، ایرانی باشندے تبدیلی چاہتے ہیں۔