نواز شریف، زرداری کانظریہ کرپشن اور اقربا پروری ہے: جمشید دستی
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں کوئی فرق نہ ہے دونوں جماعتیں عوام میں اپنا اخلاقی جواز کھوچکی ہیں نواز شریف اور زرداری کا نظریہ کرپشن لوٹ مار اقربا پروری دھونس دھاندلی کے علاوہ کچھ نہیں ہے، نواز شریف اور شہباز شریف سعودی عرب میں ایک مرتبہ پھر این آر او لینے کی کوشش کررہے ہیں، انہیں اس بار سوائے مایوسی اور ناکامی کچھ حاصل نہیں ہوگا، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ فوری طور پر مستعفی ہو جائیں، نواز شریف کی بطور پارٹی سربراہ نا اہلی کی سپریم کورٹ میں رٹ دائر کی، انشاء اللہ وہ پارٹی سربراہ بھی نہیں رہیں گے کیونکہ قائد اعظم کے پاکستان میں کوئی نااہل اور کرپٹ شخص کسی سیاسی پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری عطاء اللہ رندھاوانمبردار اور چوہدری اکمل رندھاوا آف کینیڈا کی رہائشگاہ واقع سول لائن پر صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا۔ اس موقع پر چوہدری یٰسین گادھی، چوہدری امان اللہ ، محمد ارشد گادھی، غلام علی بھٹی، چوہدری ناصر رندھاوا ، منظور احمد گجر و دیگر موجود تھے، جمشید دستی نے کہا کہ شریف برادران اب جدہ نہیں جیل جائیں گے، کرپشن کا پیسہ انہیں ہضم کرنے نہیں دیا جائے گا اور قوم کی لوٹی دولت واپس لا کر دم لیں گے۔