ای بڈنگ طریقہ کار فوری اپنایا جائے، شفاف نظام ایجنڈا ہے: پرویز خٹک
پشاور(بیورو رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے قومی تعمیر کے تمام محکموں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ای بڈنگ کا طریقہ کار فوری اپنائیں جس کی بدولت تعمیراتی ٹھیکوں میں ہر قسم کے گھپلوں کا مکمل خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی نظام کو فول پروف اور مکمل طور پر شفاف بنانا پی ٹی آئی حکومت کا ایجنڈا ہے جس پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ہماری ریکارڈ قانون سازی کا مقصد بھی یہی ہے کہ بعد کی حکومتوں میں اس سے انحراف نہ ہو سکے وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ای بڈنگ سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ محکمہ ہائے مواصلات و تعمیرات، بلدیات و دیہی ترقی، آبپاشی،آبنوشی، ہاؤسنگ، سیاحت،ازمک، پی ڈی ایم اے اور شہری ترقیاتی اتھارٹیوں کے سربراہان نے شرکت کی اور وزیر اعلیٰ کو اپنے متعلقہ محکموں اور شعبوں میں ای بڈنگ کا طریقہ کار متعارف کرانے اور اب تک کے نتائج اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگلے چند مہینوں میں تمام محکمے ای آکشن اور ای بلنگ کے مراحل میں بھی داخل ہو رہے ہیں جس سے محکموں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اورہر سطح پر کمیشن مافیا کا مکمل سدباب ہوگا۔ اس ضمن میں تمام محکموں کے ای بڈنگ نظام پر جائزہ اجلاس بلانے اور نئے نظام کی خامیاں دور کر کے اسے مربوط بنانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو اس اہم معاملے میں صوبائی اسمبلی کے توسط سے مزید قانون سازی بھی کی جائیگی۔ علاوہ ازیں پرویز خٹک نے جلوزئی ہائوسنگ سکیم اور جلوزئی اکنامک زون میں درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہائوسنگ سکیم اور اکنامک زون میں تیز رفتاری کے ساتھ سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ اُنہوںنے صوبے میں مختلف سکیموں کیلئے متعلقہ سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ تمام معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی تاکہ کمپنیاں بلا تاخیر منصوبوں پر عمل درآمد شروع کرنے کے قابل ہو سکیں۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں جلوزئی ہائوسنگ سکیم اور جلوزئی اکنامک زون پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمن، محکمہ ہائوسنگ اور صنعت کے انتظامی سیکرٹریز اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو جلوزئی ہائوسنگ سکیم اور اکنامک زون میں تعمیراتی کام، انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر متعلقہ سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے سے صوبے میں حلال معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔