• news

نااہل شخص کی پارٹی سربراہی کیخلاف درخواستیں، سپریم کورٹ آج سماعت کریگی

اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ میں (آج )پیر کو ایکٹ 2017کو چیلنج کرنیوالی 13 درخواستوں کی سماعت ہوگی جس میں نا اہل پارلیمنٹرین کو سیاسی جماعت کا سربراہ بننے کی اجازت دی گئی تھی جس کے ذریعے سابق وزیر اعظم نواز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت کے عہدے پر فائز ہوئے۔خیال رہے کہ اس پٹیشن کو اس سے قبل سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے مسترد کردیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے سے قبل متعلقہ فورمز میں یہ معاملہ پیش نہیں کیا تاہم چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے چیمبر میں سماعت کے دوران رجسٹرار آفس کے اس اعتراض کو مسترد کردیا تھا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد، رکن قومی اسمبلی جمشید دستی، پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں نے نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی صدارت سنبھالنے پر سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل 3 رکنی بنچ درخواستوں پر سماعت کریگا۔

ای پیپر-دی نیشن