• news

سعودی عرب سے ڈیل نہیں ہورہی، برطانوی جریدے کی خبر بے بنیاد ہے: احسن اقبال، ترجمان نواز شریف

نارووال/ اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے سعودی عرب میں کوئی ڈیل نہیں ہورہی، نوازشریف سے متعلق برطانوی جریدے کی خبر بے بنیاد ہے، مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات نواز شریف کی قیادت میں لڑے گی۔ مزید برآں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ترجمان نے احتساب سے بچنے کیلئے سعودی عرب کے ساتھ نوازشریف کی مبینہ ڈیل سے متعلق برطانوی جریدے کی خبرکی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام زیر گردش خبریں حقائق کے منافی اورحیران کن ہیں ان میں کوئی سچائی نہیں، میڈیا کو اس قسم کی خبریں نشر کرنے سے پہلے متعلقہ افراد سے گفتگو کرنی چاہیے تاکہ حقائق کا پتہ چل سکے،نواز شریف سعودی حکمران خاندان سے دیرینہ تعلق کی بنا پر سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں نواز شریف نے ہمیشہ اپنے ذاتی تعلقات کو قومی مفاد کیلئے استعمال کیا ہے نہ کہ ذاتی مفاد کیلئے ،نواز شریف کا ریکارڈ گواہ ہے کہ انہوں نے سپریم کورٹ سمیت تمام اعلیٰ اداروں کا احترام کیا ہے، نواز شریف نے نہ صرف عدالتی فیصلوں کو تسلیم کیا ہے بلکہ فیصلوں کے احترام میں مقدمات کا سامنا بھی کررہے ہیں، نواز شریف کو یقین ہے کہ وہ بے گناہ ہیں اور اپنی بے گناہی ثابت بھی کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ نواز شریف احتساب سے بچنے کیلئے سعودی عرب سے بات چیت نہیں کررہے۔

ای پیپر-دی نیشن