• news

طاہر القادری قرآن پر بیان دیں ان کے سامنے بے گناہی ثابت کرنے کو تیار ہوں: رانا ثنا کی نئی پیشکش

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ کسی کو لاشوں کی سیاست نہیں کرنے دینگے‘ استعفیٰ چار سالوں سے مانگا جا رہا ہے‘ استعفے مانگنے والے ساڑھے چار ماہ انتظار کریں‘ پیر حمید الدین سیالوی میرے استعفے کیلئے جگہ جگہ جلسے کر رہے ہیں وہ سیاسی چکر میں نہ پڑیں، انہیں کچھ حاصل نہیںہو گا، نواز شریف مسلم امہ کے اتحاد کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، ملک میں ایک مرتبہ پھر دھرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے، دھرنے، لانگ مارچ کرنے والوں کا علاج عوام کی ووٹ کی پرچی ہے‘ طاہر القادری اور ہم قرآن پر ہاتھ رکھ کر بات کر لیتے ہیں‘ خرم نواز گنڈا پور سے تین چار ملاقاتیں ہوئی ہیں‘ آئندہ انتخابات میں عمران کی سیاست کا خاتمہ ہو گا۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف مسلم اُمہ کے لیڈر ہیں‘ نواز شریف کے کردار سے مسلم ممالک کو فائدہ پہنچے گا‘ مسلم امہ کو نواز شریف کے کردار پر فخر ہے‘ نواز شریف حکومتی نمائندے کے طور پر سعودی عرب نہیں گئے‘ نواز شریف کی شخصیت پوری مسلم امہ کیلئے انتہائی سود مند ہے‘ نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کے بارے میں غلط افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اور دھرنے کی سیاست سے انتشار پھیلایا جا رہا ہے‘ دھرنے اور لانگ مارچ والے انتخابات میں بھی انتشار پھیلائیں گے‘ لیکن انہیں انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ میں کسی کو ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے‘ ملک میں کسی کو عدم استحکام پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ مایوس سیاستدان کبھی لانگ مارچ اور کبھی لاک ڈائون کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے بعد حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہے۔ انتخابات بر وقت ہو نگے۔ انتشار پھیلانے والوں کو انتخابات میں شکست دیں گے‘ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید 35 استعفوں کا دعویٰ کرتے تھے‘ وہ کہاں ہیں۔ مخالفین کا خیال ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں کمی ہوئی لیکن ایسا نہیں ہے۔ٹی وی کے مطابق رانا ثنا نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کو سیاسی مہم جوئی کا حصہ نہ بنایا جائے۔ میرا استعفیٰ میرے ہاتھ میں نہیں پارٹی نے فیصلہ کرنا ہے۔ 2018ء میں عمران خان سیاست سے فارغ ہو جائیں گے۔ عمران خان 2018ء کے بعد بچوں کو کہانیاں سنایا کریں گے۔ ایک دفعہ کا ذکر ہے میں کنٹینر پر 126 دن چڑھا عمران بچوں کو بتائیں گے ایک دن کا ذکر ہے میں نے وزیراعظم کا استعفیٰ مانگا تھا۔ چوک اور چوراہوں پر تقاریر ٹھیک نہیں۔ رانا ثناء اللہ نے ماڈل ٹائون سانحہ کا معاملہ حل کرنے کی ایک اور کوشش کرتے پیشکش کی کہ طاہر القادری کے روبرو بے گناہی ثابت کرنے کیلئے تیار ہیں طاہر القادری قرآن پر بیان دیں ہم بے گناہی ثابت کریں گے کہ ماڈل ٹائون سانحہ کی نہ منصوبہ بندی کی اور نہ کسی نے گولی چلانے کا حکم دیا اپنی بے گناہی انکوائری میں ثابت کر چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن