• news

پہلی بار کسی آرمی چیف نے جمہوریت کی حمایت کا مؤقف اپنایا‘ فوج دھرنا ختم نہ کراتی تو حالات خراب ہوتے: عمران

لاہور (این این آئی+ آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاک فوج بہترین کردار ادا کررہی ہے، پہلی بار کسی آرمی چیف نے جمہوریت کا ساتھ دینے کا دو ٹوک موقف اختیار کیا، پاکستان نائن الیون میں ملوث نہیں تھا اس کے باوجود امریکہ کی جنگ میں شرکت کی جبکہ پاکستان میں القاعدہ یا طالبان کا کوئی وجود نہیں تھا۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے عائشہ گلالئی کے مبینہ الزامات پر موبائل فرانزک کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ گلالئی کے الزامات پر خود کو احتساب کے لیے پیش کیا اور کہا کہ وہ 3سال پہلے کیا جانے والا میرا میسج دکھائیں اور اپنا فون لائیں تاکہ دونوں کے موبائل کا فرانزک ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے مجھ پر فوج کی مدد کا الزام عائد کیا مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ فوج اگر میرے ساتھ ہے تو مجھے کیسے فائدہ پہنچا رہی ہے؟، کیا جلسے میں لوگوں کو فوج ہی بھیجتی ہے؟۔ عمران نے کہا کہ فوج نے فیض آباد کا دھرنا ختم کروایا جس پر حکمرانوں اور پوری قوم کو ان کا شکر ادا کرنا چاہیے، اس معاملے کو حل کرنے کے لیے اگر فوج نہ آتی تو پاکستان کے حالات بہت خراب ہوسکتے تھے۔ پاکستان میں القاعدہ یا طالبان کا کوئی وجود نہیں تھا۔

ای پیپر-دی نیشن