نئے سال کا استقبال‘ منچلوں کی ہلڑ بازی‘ ہوائی فائرنگ‘ ون ویلنگ‘ درجنوں گرفتار
لاہور/ کراچی/ اسلام آباد (نامہ نگار + سٹاف رپورٹر + کرائم رپورٹر) سردی کے باوجود رات 12بجتے ہی سال نو کے موقع پر لاہور میں منچلے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں ٹولیوں کی شکل میں ہلڑ بازی کرتے ہوئے سڑکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پرنکل آئے۔ خواتین سے بدتمیزی، ون ویلنگ، موٹر سائیکل پر کرتب کرنے کے علاوہ شراب کے نشے میں دھت ہوکر منچلوں کے سڑکوں پر ڈانس، بھنگڑے، ہیپی نیو ائر کے نعرے، شور و غل کیا۔ آتش بازی کے علاوہ شہر میں متعدد مقامات پر فائرنگ بھی کی گئی جبکہ پولیس نے درجنوں منچلوں کو گرفتارکر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نئے سال کے شروع ہوتے ہی منچلے موٹر سائیکلیوں جبکہ فیملیز بھی گاڑیوں پر باہر نکل آئیں۔ مال روڈ، لبرٹی چوک، گلبرگ، انار کلی، ڈیفنس، اچھرہ، فیروز پور روڈ، جیل روڈ، شادمان، فورٹریس سٹیڈیم سمیت اہم مقامات پرمنچلوں نے ہلڑبازی شروع کردی، روڈ بلاک کرکے آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ منچلوں نے پٹاخے بھی چلائے۔ ٹریفک حادثات میںچند افراد زخمی ہوگئے۔ دیگر متعدد جگہوں پر ہوائی فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے۔ پولیس کی بھاری نفری نے منچلوں کے خلاف کریک ڈائون کیا۔ شہر بھر میں پولیس اور منچلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ کئی مقامات پر پولیس اہلکار منچلوں سے پیسے بٹورتے رہے۔ حالات پر قابو پانے کیلئے متعدد نوجوانوں پر لاٹھی چارج کیا گیا جبکہ پولیس نے درجنوں منچلوں کو مختلف تھانوں میں بند کردیا۔ ان نوجوانوں نے نئے سال کا آغاز تھانوں کی حوالاتوں سے کیا جبکہ سردی کی شدت میں بھی گرفتار منچلوں کے والدین عزیز واقارب تھانوں کے باہر جمع ہوگئے۔ شہری موبائل فونز کے ذریعے اپنے پیاروں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے رہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فارم ہاؤسز، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز میں شراب و ڈانس پارٹیاں منعقد ہوئیں۔ شہر کے پوش علاقوں ڈیفنس، ماڈل ٹائون، شادمان، گلبرگ، رائے ونڈ، کینٹ میں پرائیویٹ طور پر محفلیں سجائی گئیں جبکہ لاہوری اندورن شہر میں بار بی کیو، کھابوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایا کہ شہر میں آتش بازی، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی وغیرہ پر مکمل پابندی عائد تھی۔ لاہور پولیس نے ون ویلرز اور کمسن ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈائون کیا اور شہر بھر سے ڈھائی ہزار موٹر سائیکلیں پکڑ کر تھانوں میں بند کردی ہیں۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے نیو ائرنائٹ کے حوالہ سے شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکار مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ نیوائر نائٹ کے موقع پر 15 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ قومی فریضہ ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ سی سی پی او لاہور کے حکم پر تمام ایس پیز نے شہر کے مختلف گرجا گھروں، پارکوں اور اہم تنصیبات کا دورہ کرکے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ ون ویلنگ کے ذریعے اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔ لاہور میں گرجا گھروں میں نیوائر کی مناسبت سے دعائیہ تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ چرچوں کی جانب جانے والے راستوں کو خاردار تاریں اور بیریئر لگا کر بند کیا گیا تھا۔ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی پارکنگ بھی چرچوں سے دور رکھی گئی۔ چرچوں میں آنے والوں کو واک تھرو گیٹس سے گزارا گیا۔ علاوہ ازیں نئے سال کی آمد پر ملک کے دیگر شہروں میں بھی جشن منایا گیا۔ رینجرز نے کراچی اور اندرون سندھ میں نیوائر نائٹ پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پرپابندی کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کرانے کا اعلان کیا۔ مزید برآں گزشتہ کئی برسوں کے برعکس سال نو کے موقع پر سندھ حکومت نے کراچی کے ساحل کو عوام کے لئے بند نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کو کراچی شہر کا دورہ کرتے ہوئے سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے سال کی آمد کے موقع پر کراچی کی سڑکوں اور بالخصوص سی ویو، کلفٹن، ڈیفنس اور سمندر جانے والے راستوں کو بند نہیں کیا جائے گا۔ پولیس کے عہدیداران سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کو نیا سال منانے کے لئے آزادی ہونی چاہئے۔ انہوں نے امید کااظہار کیا کہ کراچی کے لوگ ذمہ دار ہیں اور نوجوان اس موقع پر دوسروں کیلئے تکلیف کا سبب نہیں بنیں گے۔ وزیراعلیٰ کے بیان سے قبل صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے بھی کراچی کے ساحل سی ویو کا دورہ کیا اور پولیس حکام کو کہاکہ ماضی کی طرح اس ساحل کی جانب جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند نہیں کیا جائے گا۔ امریکہ ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس، چین ، دبئی، نیوزی لینڈ، بھارت اور دیگر ملکوں میں بھی نئے سال کی آمد پر بھرپور جشن منایا گیا۔ اس موقع پر آتش بازی بھی کی گئی۔