سی پیک خوشحالی لایا‘ ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا: شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سال نو کی آمد پراہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ2018ء میںپاکستان ماضی کی نسبت زیادہ پرامن،روشن اور مضبوط ہوگا اور انشاء اللہ نیا سال روشن مستقبل، مضبوط معیشت، ترقی کی نوید اور امید بن کر طلوع ہوگا۔ قائدؒ کے ویژن کے مطابق پاکستان کو پرامن فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں رہیں گے۔سی پیک سے ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے اورعوام خوشحال ہورہے ہیں۔ پنجاب میں گزشتہ برس بھی شفافیت، رفتار اورمعیار کیساتھ پراجیکٹ مکمل کرنے کا اعزاز برقراررکھا۔ پاک فوج، پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میںقیمتی جانوں کی قربانی دیکر پرچم سربلند رکھا۔ انہوں نے کہا کہنئے انرجی منصوبے اورلوڈ شیڈنگ کا خاتمہ عوام کیلئے حکومت کا تحفہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل حالات سے گزرنے اور ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کیساتھ آگے بڑھنا ہے۔ ہمیں سال2017ء کو الوداع اورنئے سال کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا بھی جائزہ لینا ہو گا۔ہمارا عزم درپیش چیلنجز سے زیادہ بلند ہے، 2018پاکستانی قوم کیلئے روشنی اور امید کی کرن لائے گا۔ دعا ہے کہ2018 ء اہل پاکستان کیلئے امن ، سلامتی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ملتان میں مو سمی انفلونزا کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بیماری کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایاجائے اور اس ضمن میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انفلونزا سے بچائو اور علاج معالجہ کے بارے میں عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین و نائب صدر جمعیت علمائے پاکستان علامہ ملک جاوید اکبر ساقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپوزیشن لیڈر و رکن صوبائی اسمبلی میاں محمود الرشید کے بھائی ہارون الرشید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔