قوم کی تقدیر دھرنوں‘ تماشوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑی جا سکتی‘ گالی کی سیاست دفن کرنے کا وقت آ رہا ہے: نوازشریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے نئے سال کے موقع پر قوم کو مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں انتشارکی سیاست کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اہم سنگ میل عبور کرلئے۔ 19 سال بعد ملک میں مردم شماری کرائی گئی فاٹا کو قومی دھارے میں لائنے کے نئے ٹھوس پیشرفت ہوئی، انشاء اللہ بہت جلد فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے مشن کی تکمیل ہوجائیگی۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے موثر منصوبہ بندی ہوئی ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی تفریحی مقامات کی سیاست میں ریکارڈ اضافہ ہوا اللہ کے فضل سے ہم توانائی کے بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔ توانائی بحران ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے سنگین مسئلہ بن چکا تھا۔ نیشنل گرڈ میں 10 ہزار میگاواٹ کا اضافہ 70 سالہ تاریخ کا سنہری باب ہے۔ آج ہر طرف سے پھیلے اندھیرے سمٹ رہے ہیں، روشنی پھیل رہی ہے آج انفراسٹرکچر کے عظیم منصوبے تکمیل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ پشاور سے کراچی تک موٹروے کا بیشتر حصہ مکمل ہوچکا ہے۔ 2018ء میں آپ نے ووٹ کا حق استعمال کر کے فیصلہ دینا ہے قوم کی تقدیر دھرنوں، تماشوں، سرکسوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑی جاسکتی۔ الزامات، جھوٹ اور گالیوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کرنے کا موقع آرہا ہے۔ آپ نے آنے والے انتخابات میں ووٹ کی حرمت کا عہد بھی کرنا ہے، دو ٹوک فیصلہ دینا ہے عوامی نمائندوں کی اہلیت کے فیصلے عوام کی عدالت میں ہوتے ہیں۔