• news

سرحدی کشیدگی کے باعث پاکستان کیساتھ کرکٹ نہیں کھیل سکتے: سشما سوراج کی منطق

لاہور+ نئی دہلی (نمائندہ سپورٹس+ ایجنسیاں) بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ سرحد پر کشیدگی کی وجہ سے فی الوقت دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز نہیں ہوسکتی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہمسایہ ممالک سے تعلقات پر نظرثانی سے متعلق کمیٹی کے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے کرکٹ سیریز کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ سرحد پر کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز نہیں ہوسکتی تاہم انسانی بنیاد پر قیدیوں اور خواتین کی رہائی جیسے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ سرحد پر فائرنگ کے بڑھتے واقعات اور موجودہ حالات دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے لئے موزوں نہیں ہیں۔ بھارت نے حال ہی میں ایشیا کپ کی میزبانی سے اس لئے انکار کردیا تھا کہ اسے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھی میزبانی کرنا پڑتی جبکہ پاکستان بھارت کشیدگی کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم 2 مرتبہ بھارت سے سیریز کھیل چکی ہے تاہم بھارت نے معاہدے کے باوجود گرین شرٹس سے سیریز نہیں کھیلی۔ بھارت نے پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کاجو معاہدہ کیا ہے اس کے تحت 2015 سے 2023 کے درمیان دونوں ٹیموں کے درمیان 6 سیریز ہونا تھیں، جن میں سے 4 کی میزبانی پاکستان کو دی گئی۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیریز نہ ہونے سے اسے447 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ لیکن بھارت باہمی سیریز کھیلنے سے مسلسل انکار کررہا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا پاکستان کی جانب سے سرحدی معاہدے کی 800 سے زائد مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ہے۔ سشما سوراج نے کہا کہ انہوں نے بھارت میں پاکستانی سفیر کو کہا ہے کہ دونوں ممالک 70 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کو انسانی بنیادوں پر رہا کریں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 2012 میں آخری سیریز ہوئی تھی، جب پاکستان نے بھارت کا دورہ کیا تھا، اس دورے میں 3ون ڈے انٹرنیشنل اور 2 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن