شہباز شریف کی ریاض میں سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی اتوار کو ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کے بعد وہ آج لاہور واپس آجائیں گے۔ تاہم اس بارے میں نہیں بتایا گیا کہ نواز شریف کی واپسی کب ہوگی اور وہ سعودی عرب میں کب تک قیام کریں گے۔ ابھی تک شریف برادران کے دورہ سعودی عرب کے نتائج منظر عام پر نہیں آئے۔اے این این کے مطابق نوازشریف نے اہم مصروفیات کے باعث سعودی عرب میں قیام کا دورانیہ بڑھا دیا ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جو 2 گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی سعودی عرب کی اہم شخصیت سے ملاقات کا شیڈول طے پاگیا ہے۔ اہم سعودی شخصیت سے ملاقات میں شہبازشریف بھی نوازشریف کے ہمراہ ہوں گے۔