پھل‘ سبزیاں‘ متعدد اشیا مہنگی‘ گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیئے
لاہور‘سرگودھا‘گوجرانوالہ(وقائع نگار خصوصی+ کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ماہ غیر قانونی اضافہ کیا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے غیر قانونی طور پر اضافہ کرکے شہریوں پر پٹرول بم گرایا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ اور سیلز ٹیکس بڑھانے سے قبل وفاقی کابینہ سے منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی۔ عدالت حالیہ اضافہ کو کالعدم قرار دے۔ گڈزٹرانسپورٹرز نے بھی کرائے بڑھا دیئے ، گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ کرایوں میں 5فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مہنگائی پہلے ہی بہت تھی، اب مزید بڑھے گی ۔حکومت کو چاہئے کہ قیمتوں کو کم کرے پہلے ہی مہنگائی تھوڑی ہے ؟ جو یہ قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں‘ساتھ ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے ایک کلو لال مرچ پسی ہوئی کی قیمت میں 5 روپے‘ ایک کلو سپر باسمتی چاول کی قیمت میں10 روپے اضافہ کردیا ہے جس سے پرچون سطح پر ایک کلو لال مرچ پسی ہوئی کی قیمت 195 روپے سے بڑھ کر 200 روپے اور ایک کلو سپر باسمتی چاول کی قیمت 115 روپے سے بڑھ کر 125 روپے ہوگئی ہے۔ ایک کلو ادرک چائنہ کی قیمت میں 3 روپے اضافے سے ریٹ 118 روپے سے بڑھ کر 121 روپے ہوگیا ہے جبکہ پھلوں میں ایک کلو سیب سفید کی قیمت 5 روپے اضافے سے 58 روپے، ایک درجن فروٹر دوم کی قیمت 6 روپے اضافے سے 38 روپے ہوگئی۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5 روپے (ٹرانسپوٹیشن چارجز کی مد میں) اضافہ کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان ایسوسی ایشن کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا جس سے پرچون سطح پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 785 روپے سے بڑھ کر 790 روپے ہوجائے گی۔ بھلوال‘ سرگودھا کے درمیان کرایہ قبل ازیں 40 روپے نان اے سی‘ جبکہ اے سی کوچ کا کرایہ 50 روپے تھا اب متعدد ٹرانسپورٹر 45 اور 55 روپے کرایہ وصول کررہے ہیں اسی طرح ساہیوال‘ فاروقہ‘ جھاوریاں‘ کوٹ مومن‘ بھیرہ‘ سلانوالی‘ شاہپور اور مختلف چھوٹے شہروں کو جانیوالی گاڑیوں کے ٹرانسپورٹروں نے 5 روپے سے 10 روپے تک کا اضافہ کردیا ہے۔گوجرانوالہ میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں اور شہریوں نے احتجاج کیا اور حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ،پیپلزپارٹی نے قیمتوں میں اضافے کے خلاف قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرادیا ہے۔