پورا مشرق وسطیٰ مل کر بھی این آر او نہیں کرا سکتا: شیخ رشید
اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ پاکستان کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ساری عرب دنیا مل کر بھی این آر او نہیں کروا سکتی اور جو سیاستدان سمجھ رہے ہیں کہ این آر او ہو رہا ہے ان کی عقل پر ماتم کرتا ہوں ۔ پیر کے روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں کوئی این آر او نہیں ہو رہا۔ شریف برادران ریاض میں کئی گھنٹوں سے انتظار میں بیٹھے ہیں لیکن شاہ سلمان کی جانب سے انہیں اندر آنے کی اجازت نہیں ملی ۔ پورا مڈل ایسٹ مل کر این آر او نہیں کروا سکتا اور جو سیاستدان یہ سمجھ رہے ہیں کہ کوئی این آر ہونے جا رہاہے ان کی عقل پر ماتم کرتا ہوں مشرف کے وقت ہونے والے این آر او کا دور اور تھا اب نواز شریف کو کوئی این آر او نہیں بچا سکے گا ۔ کرپٹ شخصیت مکہ مدینہ بھی جاتی ہے تو پیچھے سے چور ہے چور ہے کی آوازیں لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ سمجھتی ہے اب ہمیں اسمبلیوں سے استعفیٰ دے کر چوکوں اور چوراہوں میں آنا چاہئے۔ لطیف کھوسہ نے وعدہ کیا کہ وہ حدیبیہ کا کیس میری طرف سے لڑیں گے۔