• news

نواز شریف کا دورہ اتحاد اُمت کیلئے، پاگل خان اور راولپنڈی کا شیطان عوام کو گمراہ کررہے ہیں: رانا ثنا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر قانو ن رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کا دورہ سعودی عرب اُمت مسلمہ کے اتحاد کے سلسلہ میں ہے۔ راولپنڈی کا شیطان اور پاگل خان غلط معنی نکال کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو چاہیے کہ پنڈی کے شیطان کے داخلے پر پابندی اور عدالت کے باہر بیان بازی کے ذریعے غلط رنگ دینے سے روکیں کیونکہ وہ خود ساختہ عدالتی ترجمان بن کر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں‘ جنرل مشرف کیخلاف مقدمات کے ٹرائل میں تیزی لائی جانی چاہیے جس طرح نواز شریف کیخلاف مقدمات چلائے جا رہے ہیں، اس لئے مشرف کیخلاف بھی تواتر سے ٹرائل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور مسلم لیگ (ن) کے ورکر نواز شریف کیساتھ کھڑے ہیں اور 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ایک مرتبہ پھر کامیابی حاصل کریگی۔ شہبازشریف میرٹ پر فیصلے کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں عوام پسند کررہے ہیں۔ عام انتخابات وقت پر ہوں گے‘ سینٹ سے نئی حلقہ بندیوں کا بل اکثریت رائے سے منظور ہوچکا ہے جس کی وجہ سے وقت سے پہلے انتخابات کا مطالبہ کرنے والوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ سیاسی مخالفین ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں‘ ڈاکٹر طاہرالقادری کی اے پی سی ایک ڈرامہ ہے‘ یہ سب اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں‘ اور سب پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں‘ ان میں سے کوئی بھی پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ آصف علی زرداری جیسا شخص ہم پر کرپشن کا الزام لگا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن