طاہر القادری نے دھرنا دیا تو پنجاب حکومت عدالت جائیگی: ترجمان
لاہور (اے این این) حکومت پنجاب کے ترجمان ملک محمد احمد نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ڈاکٹر طاہر القادری سے بات چیت کرنا چاہتی ہے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو انصاف کی فراہم میں مدد کیلئے تیار ہے لیکن اگر کثیر الجماعتی کانفرنس کا مقصد انصاف کا حصول نہیں بلکہ شہبازشریف اور رانا ثنا اللہ پر استعفے کیلئے دبائو ڈالنا ہے تو یہ واضح ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہونے جا رہا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جو کثیر الجماعتی کانفرنس میں شریک ہونے والی جماعتیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر سیاست کی خواہاں ہیں وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہونے کا انتظار کریں، اگر طاہر القادری نے دھرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تو حکومت عدالت میں جائیگی کیونکہ اس سے عام لوگوں کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔ ماڈل ٹاؤن سانحہ میں انصاف صرف عدالتیں ہی فراہم کرسکتیں ہیں۔ طاہر القادری کو انصاف کے حصول کیلئے عدالت میں شواہد جمع کرانے ہوں گے اور اگر انہیں لگتا ہے کہ جسٹس نجفی کی رپورٹ سے انکو فائدہ ہوسکتا ہے تو انہیں چاہئے کہ وہ یہ رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔ پیر سیالوی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا چونکہ پیر حمید سیالوی مسلم لیگ (ن) کا حصہ رہ چکے ہیں اسلئے حکومت انکے بھی خدشات دور کرنے کیلئے تیار ہے۔