افغان مہاجرین کے قیام میں ایک سال توسیع کی سفارش‘ سمری وزیراعظم کو ارسال
اسلام آباد(اے این این ) وفاقی وزارت برائے سرحدی امور (سیفران) نے افغان مہاجرین کی واپسی میں ایک سال کی توسیع کے حوالے سے سمری وزیراعظم سیکرٹریٹ کو ارسال کردی ہے۔ وزارت سیفران کے حکام کے مطابق سمری میں سفارش کی گئی ہے ملک میں قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو دسمبر 2018ء تک رہنے کی اجازت دی جائے۔ پاکستان میں مقیم ایک کروڑ 40 لاکھ افغان مہاجرین کے قیام کی قانونی حیثیت اتوار کو ختم ہوگئی تھی۔ سیفران کے ذمہ دارن نے بتایا وزیراعظم کی جانب سے آئندہ دو ہفتوں کے اندر کابینہ کی سفارش پر افغان پناہ گزینوں کو توسیع دینے کا قوی امکان ہے۔ افغان مہاجرین کے قیام میں 5 مرتبہ توسیع دی جاچکی ہے۔ اے پی پی کے مطابق چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین تہمینہ کے مطابق غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کا عمل 31 جنوری تک جاری رہے گا۔