• news

او جی ڈی سی ایل بھرتیاں کیس، درخواست گزاروں کو انتظامیہ سے رجوع کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اوجی ڈی سی ایل میں خلاف ضابطہ بھرتیوں کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزاروں کو ادارے کی انتظامیہ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو انتظامیہ سے شنوائی نہ ہونے کی صورت میں عدالت میں متفرق درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کیس کی سماعت عدالت عالیہ کے جسٹس اطہرمن اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو درخواست گزاروں کے کونسل چوہدری طلعت عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیارکیا کہ اوجی ڈی سی ایل میں اسامیاں مشتہر کی گئی ہیں جن کی تعلیمی قابلیت ایم اے رکھی گئی تاہم بی اے پاس امیدواروں کو بھرتی کرلیا گیا ہے۔ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ اوجی ڈی سی ایل کی انتظامیہ نے میرٹ سے ہٹ کر بھرتیاں کی ہیں جن میں ان کے موکل کی حق تلفی کی گئی ہے مزید یہ کہ ان بھرتیوں کے پی کے کا کوٹہ بھی کم مختص کیا گیا ہے۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ ادارے کی انتظامیہ سے رجوع کریں شنوائی نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کریں اور خلاف ضابطہ بھرتی ہونیوالے امیدواروں کو بھی فریق بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن