چنے، دالیں اور دیگر کھانے کی اشیاء کو رنگنے کیلئے غیر خوردنی رنگوں کے استعمال پر پابندی
لاہور(این این آئی) چنے، دالیںاور دیگر اشیاء خوردونوش کو نان فوڈ گریڈ کلرز سے رنگ کرنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر خوردنی رنگوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی تحقیق مکمل ہونے کے بعد رپورٹ کی روشنی میں سائینٹیفک پینل نے نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔ پابندی پنجاب پیور فوڈ ریگولیشن کے تحت عائد کی گئی ہے۔ ریگولیشنز کے مطابق نان فوڈ گریڈ کلرز کا اشیاء خوردونوش میں استعمال مکمل بین ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ نان فوڈ گریڈ کلر سے رنگ کی گئی اشیاء کینسر، معدے کے السرسمیت دیگر خطرناک بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔ تمام انڈسٹری بشمول بھنے چنے، دالیں اور دیگر رنگ دار اشیاء خوردونوش تیار کرنے والوں کو نان فوڈ گریڈ کا استعمال مکمل ترک کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ مارکیٹ میں پہلے سے فروخت کے لیے موجود دالوں، بھنے چنوں کا لیبارٹری تجزیہ بھی کروایا جائے گا اور ناقص رنگوں سے تیار کردہ اشیاء خوردونوش کو مارکیٹ سے ہٹا دیا جائے گا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ رنگ لگی اشیاء خوردو نوش کا استعمال ترک کر دیں، کوشش کریں کہ ایسی اشیاء کا استعمال کریں جن میں رنگوں کا استعمال نہ ہو یا کم سے کم ہو۔ عوام ہمیشہ مستند اور معیاری اشیاء خوردونوش ہی استعمال کریں۔