آن لائن اور ویڈیو گیمز کھیلنا بھی بیماری ہے: عالمی ادارہ صحت
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) عالمی ادارہ صحت نے 11 عادات، خرابیوں اور مسائل کو بیماری تسلیم کئے جانے سے متعلق حتمی ڈرافٹ تیار کرلیا، جسے رواں برس کی پہلی سہ ماہی سے قبل منظور کیا جائے گا۔ اس ڈرافٹ میں جن 11 عادتوں، برائیوں یا مسائل کو بیماری تسلیم کئے جانے کی سفارش کی گئی ہے، اس میں ’’گیمنگ ڈس آرڈر‘‘ کو بھی ذہنی بیماری کے زمرے میں شمار کئے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔ گیم کھیلنے کو ذہنی بیماری میں شامل کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہر طرح کی آن لائن اور ویڈیو گیم کھیلنے والوں سمیت سمارٹ آلات پر گیم کھیلنے والے افراد کو ذہنی مریض شمار کیا جائے۔ ڈرافٹ میں کہا گیا کہ گیم کھیلنے والے افرادذہنی مسائل کا شکار ہوتے ہیں، تاہم اگر کوئی بھی شخص مسلسل ایک سال تک گیم کھیلنے کی لت میں مصروف رہے تو اسے ’’گیمنگ ڈس آرڈر‘‘ کا مریض سمجھا جائے۔ غیر منظور شدہ ڈرافٹ کے مطابق گیم کھیلنے والے افراد کے ذہنی مسائل کے شکار ہونے کی مختلف نشانیاں ہوسکتی ہیں، کم وقت کے لئے گیم کھیلنے والا شخص بھی دماغی خلل میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ اس ڈرافٹ میں ڈپریشن، انزائٹی، موڈ، نیوٹریشن اور ہاضمے سمیت کیٹالونیا جیسے مسائل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔