عمران کی ضمانت پر رائیونڈ میں صف ماتم بچھنا منطقی ہے، نواز شریف پاکستان میں شیر بادشاہوں کے سامنے بلی بن جاتے ہیں: تحریک انصاف
اسلام آباد (آن لائن + آئی این پی) عمران خان کی ضمانت کی منظوری پر رائیونڈ میں صف ماتم کا بچھنا منطقی ہے۔ اداروں اور عدالتوں کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کرنے والوں کیلئے آج کا دن مایوس کن ہے۔ سیاسی بغض و عداوت پر عمران خان کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ قائم کیا گیا۔ یہ بات مرکزی ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انکا کہنا تھا کہ نواز شریف اور انکا ٹبر عمران خان کے سائے سے بھی خوفزدہ ہیں۔ شریف خاندان جانتا ہے کہ عمران خان انکی کرپشن اور سیاست دفن کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گا۔ دانیال، سعد رفیق، عابد شیر علی اور احسن اقبال جیسے چیلے لوٹ کھسوٹ کے مال سے حصہ وصول کرنے کیلئے زندہ ہیں۔دہشت گردی کے مقدمے کا انجام بھی ڈرگ فروش کے مقدمے سے مختلف نہیں ہوگا۔ تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان میں شیراور بادشاہوں کے دربا ر میں بلی بن جاتے ہیں،جب شریف برادران کو پچھلا این آر او ملاتھا تب مشرف نے ان کی سزا معطل کی تھی، تحریک انصاف کسی این آر او کو قبول نہیں کریگی، چوری کا مال لندن میں بھی پکڑا جا رہا ہے سارا مال پاکستان واپس آئیگا، فوری انتخابات کی آج بھی ضرورت ہے۔ الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ نوازشریف نے خود یہ خبر چلائی کہ انکو ڈیل مل رہی ہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ آج کوئی مشرف نہیں ہے نہ ہی کوئی ایل ایف او والا جج ہے۔ تبدیلی کا سفر منزل کے قریب پہنچا ہوا ہے ، فوری انتخابات کی آج بھی ضرورت ہے۔