بنی گالہ میں 580 ایکڑ اراضی پر عالمی سطح کا باغ بنایا جائیگا، مشاہد اﷲ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے نوابزادہ نصراللہ خان کی جیسی عظیم ہستی کا کردار طاہر القادری کو دینے کی بات کر کے تمام جمہوریت پسند قوتوں کو دکھی کر دیا ہے، نوابزادہ نصراللہ نے جمہوریت کیلئے اپنا خون دیا جبکہ طاہر القادری کو ڈی چوک میں جمہوریت کی قبر بناتے رہے ہیں۔ ملک میں ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام سرکاری محکموں کو یہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ آئندہ کسی بھی تعمیراتی منصوبے کیلئے ایک درخت کاٹنے پر اس محکمے کو 100 درخت لگانے کا پابند بنایا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی، اسلام آباد بنی گالہ میں عالمی سطح کا 580 ایکڑ پر مشتمل ایک ایسا گارڈن بنایا جائے گا جس سے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کا پیغام اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، اس منصوبے پر 15 ارب روپے خرچ ہوں گے اور 10جنوری کو بائونڈری وال کی تعمیر کا افتتاح کر دیا جائے گا،وہ منگل کو پی آئی ڈی میں اپنی وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے سینئر صحافیوں کو بریفنگ دے رہے تھے۔ اس موقع پر پی آئی او سلیم بیگ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ چین میں ایک ایسا صوبہ ہے جو صحرا تھا اس میں 6 سال میں 90 کروڑ درخت لگائے گئے اور اب اس علاقے کا موسم تبدیل ہو گیا ہے۔ ایک سوال پر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر اگر 2کروڑ درخت لگا دیئے جائیں تو اسلام آباد کا درجہ حرارت 2 سے 3فیصد گر سکتا ہے اور آئندہ سالوں میں اسلام آباد میں برف باری بھی ہو سکتی ہے اور اس کیلئے جلد عملی اقدامات شروع کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد یہ محکمہ صوبوں کو منتقل کیا جا چکا ہے وفاق صرف پالیسی گائیڈ لائن ہی دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور درختوں کی کٹائی سے زراعت کو 12ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے، جنگلات موجود ہوں تو درخت سیلاب کو 72گھنٹوں روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پہلی فارسٹ پالیسی بنا دی گئی ہے، وزیراعظم کی سربراہی میں کلائیمنٹ چینج کونسل اور اتھارٹی بنائی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر جنگلات کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز اور فوج سے مدد لینی پڑی تو اس کیلئے بھی تیار ہیں اور آرمی چیف سے اس معاملے پر بات کر سکتے ہیں۔