• news

افراد مضبوط ہونگے تو ادارہ آگے جائیگا، ہائیکورٹ سے چینی ختم کررہے ہیں: جسٹس منصور

لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس ہائی کورٹ منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ جب تک افراد کی صحت اچھی نہیں ہو گی تو ادارہ آگے نہیں جا سکتا۔ اداروں کے صحتمند بنانے کیلئے سٹاف کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں لاہور ہائی کورٹ کے سٹاف کیلئے "صحتمند ادارے کیلئے صحتمند سٹاف" سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم ہائی کورٹ سے چینی (شوگر) ختم کر رہے ہیں۔صحتمند دماغ کیلئے بہت ضروری ہے کہ ہم اپنے دماغ سے منفی چیزیں ختم کردیں۔ آج سکھائی گئی ورزشوں کو ہمیں اپنی زندگی میں شامل کرنا ہے۔ اگر ہم ذہنی طور ہر مضبوط ہونگے تو اچھے اور مضبوط فیصلے کر سکیں گے۔ پیزا اور دیگر فضول چیزوں کو اپنی زندگی سے نکال کر ورزش کو اپنانا ہوگا۔ روزانہ کی دس سے پندرہ منٹ کی ورزش ہماری زندگی بدل دے گی۔خوشحال زندگی کیلئے ضروری ہے کہ یوگا اور ورزش کے ساتھ ساتھ اپنے کھانے پینے کا خیال رکھنا ہے اور اپنے اندر مثبت سوچ کو پروان چڑھانا ہے۔ اگر ہمارے ادارے کے افراد مضبوط ہونگے تو ہمارا ادارہ بہت آگے جائے گا اور اچھے اخلاق کے ساتھ سائلین کی مدد کر سکیں گے۔قبل ازیں یوگا ایکسپرٹس محمد اعظم اور اطہر خان نے یوگا ٹیکنیکس بتائیں اور باڈی بلڈنگ کے ماہر شعیب رضا کھوکھر نے جسم کو صحتمند توانا رکھنے کیلئے بنیادی ورزش بتائی۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی روزانہ ورزش کے ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن