• news

استغاثہ کے گواہ کا عدالت میں نواز شریف سے مصافحہ‘ جج سمیت تمام حیران

اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل)احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف گواہی دینے کے لیے آئے استغاثہ کے گواہ نے خلاف توقع سابق وزیراعظم سے ہاتھ ملا یا، جج سمیت عدالت میں موجود لوگ حیران رہ گئے ،صحافیوں سے گفتگو کے دوران سوالات کی بوچھاڑ پر میاں نواز شریف غصے میں آگئے ،ایک صحافی پر اظہار برہمی۔ بدھ کواسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ محمد تسلیم نے اپنا بیان قلم بند کرایا۔ بیان ریکارڈ کرانے کے بعد کمرہ عدالت میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف سے مصافحہ بھی کیا جسے دیکھ کر جج سمیت وہاں موجود لوگ حیران رہ گئے ۔سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سفید رنگ کی گاڑی میں اپنی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کے ہمراہ پنجاب ہائوس سے احتساب عدالت پہنچے۔ میاں نواز شریف جب کمرہ عدالت میں پہنچے تو نیب پراسیکیوشن کی ٹیم پہلے سے گواہان کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے۔میاں نواز شریف بھی عدالت میں اگلی نشست پر بیٹھ گئے۔ سماعت کے دوران ایم این اے چوہدری عابد رضا کوٹلہ، سینیٹر پرویز رشید،مصدق ملک،طلال چوہدری،سینیٹر سلیم ضیاء ،مریم اورنگزیب ،سینیٹر جاوید عباسی، آصف کرمانی،دانیال عزیز اور دوسرے قائدین عدالت میں موجود تھے۔ سماعت ختم ہوئی تو میاں نواز شریف مریم نواز کے ہمراہ کمرہ عدالت سے باہر آئے اور عمارت کے حسب روایت اندرونی گیٹ کی سیڑھیوں پر میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پرصحافیوں نے دورہ سعودی عرب سے متعلق سوالات کی بوچھاڑ کردی جس پر نواز شریف نے غصے کا بھی اظہار کیا اور ایک صحافی پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ بس کرو ،اتنا لمبا سوال نہیں کرتے ۔عدالت میں پیشی کے دوران کیپٹن(ر)صفدر سے صحافی کے سوال کہ آپ کافی دنوں بعد عدالت آئے ہیں،جب آپ عدالت کے سامنے سے گزرتے ہوں گے آپ کو یاد تو بہت آتی ہوگی کے جواب میں کیپٹن(ر))صفدر نے کہا کہ جب میں اس عدالت کے سامنے گزرتا تھا توپڑھ کرپھونکتا تھا،اس پر وہاں موجود لوگ کھلکھلا کر ہنس پڑے۔نواز شریف10ویں، مریم نواز 12 ویںجبکہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر14 ویںمرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ تینوں نیب ریفرنسز میں اب تک استغاثہ کے10گواہان سدرہ منصور، جہانگیر احمد، محمد رشید، مظہر بنگش، شہباز حیدر، ملک طیب، مختار احمد، عمردراز، یاسر شبیر اور شکیل ناگرا بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں،واضح رہے کہ ابھی تک فلیگ شپ انوسٹمنٹ کی 18، ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی17جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 21سماعتیں ہوچکی ہیں۔

سب حیران

ای پیپر-دی نیشن