گوجرانوالہ: سرکاری سکول پر قبضے کی کوشش طلبہ نے ناکام بنا دی، ملزم گرفتار
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) باغباپورہ میں طلباء نے سرکاری سکول پر قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی، طلباء نے قبضہ مافیا کا سامان سڑک پر پھینک کر شدید احتجاج کیا۔ پولیس نے قبضہ کرنیوالے افراد کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ جناح میموریل سکول کے طلباء صبح سکول پہنچے تو تالے ٹوٹے ہوئے تھے۔ اندر گھریلو سامان پڑا تھا، سکول میں موجود افراد نیاز رسول نے اپنے دیگر ساتھیوں حافظ منظور الحسن، عمران عزیز، محمد بوٹا اور محمد ابراہیم کے ساتھ سکول پر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور بچوں کو کہا کہ سکول اب نہیں کھلے گا لہذا آپ واپس چلے جائو، جس پر طلباء مشتعل ہو گئے جنہوں نے قبضہ مافیا کا سامان اٹھا کر سکول سے باہر پھینک دیا، اس دوران طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی، تاہم واقعہ کی اطلاع پا کر اسسٹنٹ کمشنر رائو سہیل، ایجوکیشن افسران اور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، بعدازاں پولیس نے سکول پر قبضہ کرنیوالے افراد کو حراست میں لیکر انکے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔