• news

پاکستان عراق اور ہالینڈ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے: صدر ممنون

اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان عراق اور ہالینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے ساتھ تجارت، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کا خواہشمند ہے ۔صدر مملکت نے یہ بات عراق کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر علی الرحمن اور ہالینڈ کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر شجاعت علی راٹھور سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان ایوان صدر میں ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ عراق کے ساتھ فضائی رابطوں کی بحالی پاکستان کی ترجیح میں شامل ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے اور انھیں ایک دوسرے کو مزید سمجھنے کا موقع ملے گا۔ پاکستان عراق کے ساتھ تجارت ، تعلیم اور ثقافت سمیت بہت سے دیگر شعبوں میں تعاون کا متمنی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے انتہائی محنت سے کام کر رہا ہے جس میں اسے تاریخی کامیابیاں ہوئی ہیں۔ پاکستان اور عراق کے عوام کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت دینے کے لئے تجارتی وفود کے تبادلے میں اضافے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے سی پیک میں عراق کی دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے خطے کی قسمت بدل جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن