ارشد وہرہ کو ڈی سیٹ کرنے کی درخواست،فریقین سے تحریری جواب طلب
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے ڈپٹی میئرکراچی ارشد وہرہ کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق فاروق ستار کی درخواست پر فریقین سے تحریری جواب طلب کر لئے۔ ارشد وہرہ کو ایم کیو ایم پاکستان کے منشور و دیگر ریکارڈ فراہمی کا بھی حکم دیا ہے۔بدھ کو چیف الیکشن کمشنرسرداررضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی جانب سے ارشد وہرہ کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل ارشد وہرہ نے ایم کیو ایم کا آئین، منشور فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم علیحدہ جماعتیں ہیں، ثابت کریں گے کہ ارشد وہرہ ایم کیو ایم کے ٹکٹ ہولڈر تھے، ایم کیو ایم پاکستان کے نہیں، یہ تمام لوگ بانی ایم کیو ایم کے کٹھ پتلی ہیں۔فاروق ستار کے وکیل نے کہا کہ ارشد وہرہ تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے حکم دیا کہ ارشد ووہرا کو الیکشن کمشن کے ریکارڈ سے کاپی فراہم کی جائے، ایم کیو ایم سے منشور بھی لے کر دیا جائے۔ الیکشن کمشن نے11جنوری تک فریقین کو تحریری جواب جمع کرانے اور آئندہ سماعت پر دلائل پیش کرنے کی ہدایت کی۔