اوکاڑہ کی خاتون نے خاوند کے قاتلوں کو سزا دلانے کیلئے سپریم کورٹ انسانی حقوق سیل میں درخواست دائر کر دی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت ) اوکاڑہ کی رہائشی رانی بی بی نے اپنے خاوند کے قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کیلئے سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل میں درخواست دائر کردی ہے ۔سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل میں دائر کردہ درخواست میں چیف جسٹس سے اپیل کی گئی ہے کہ مقتول اللہ دتہ کے ورثاء کو انصاف دلوایا جائے۔ تفصیل کے مطابق رانی بی بی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ میرا خاوند 12اکتوبر 2017کی رات زیر تعمیر مکان میں سویا ہوا تھا کیونکہ وہاں مال مویشی باندھا ہوا تھا کچھ نامعلوم مسلح ملزمان آئے اور مال مویشی بکریاں چوری کر کے لے جارہے تھے کہ میرے خاوند اللہ دتہ نے ملزمان کو پہنچا ن لیا اور شور واویلا کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر کے میرے خاوند اللہ دتہ کو موقع پر قتل کر دیا ۔قتل کی ایف آئی آر مقامی تھانہ میں درج کی گئی ۔درخواست میں سپریم کورٹ سے گذارش کی گئی ہے کہ ملزمان کو مقامی پولیس نے شناخت کرکے گرفتار کیا تھا اور ملزمان نے اقبال جُرم بھی کر لیا ہے لیکن مقامی پولیس نے سیاسی اثر رسوخ کی بناء پر ملزم کو رہا کر دیا ہے۔