بھارت مجھے جاسوس تسلیم کیوں نہیں کررہا لگتا والد تھا والدہ اہلیہ کو مارپیٹ کر پاکستان لایا گیا انڈین سفارتکار دھمکاتہ رہا :کلبھوشن
اسلام آباد، نئی دہلی(سٹاف رپورٹر+آئی این پی) پاکستان میں قید بھارتی دہشت گرد اور جاسوس کلبھوشن یادیو نے بھارتی حکومت کی شکایت کی ہے کہ وہ اسے اپنا جاسوس کیوں تسلیم نہیں کر رہی بھارتی عوام جان لیںمیں اب بھی راکا ایجنٹ ہوں ۔ کلبھوشن نے کہا کہ پاکستان میں اسے کسی قسم کے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا، والدہ سے ملاقات کرانے پر وہ پاکستان کا شکر گزار ہے، اس کی والدہ اسے صحت مند حالت میں دیکھ کر خوش ہوئیں۔ دفتر خارجہ نے جمعرات کو بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کا ایک قدرے طویل ویڈیو بیان جاری کیا ہے جو اس کی اپنی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کے بعد ریکارڈ کیا گیا جس میں اس نے اہلخانہ سے ملاقات کرانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ اس ویڈیو میں کلبھوشن نے کہا کہ ملاقات کے دوران محسوس ہوا والدہ اور اہلیہ خوفزدہ تھیں جب کہ اس موقع پر بھارتی سفارتکار ملاقات کے دوران والدہ کو دھمکا رہا تھا اور وہ خوفزدہ تھیں۔ ملاقات کے بعد بھارتی سفارتکار میری والدہ پر چلا کیوں رہا تھا؟، جاسوس کلبھوشن یادیو نے کہا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ میری والدہ اور اہلیہ کو جہاز میں مار پیٹ کر پاکستان لایا گیا ہے، مجھے افسوس ہے کہ میری والدہ بہت ڈری ہوئی تھی۔کلبھوشن یادیو نے کہا کہ بھارتی عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں بھارتی بحریہ کا کمیشنڈ آفیسر ہوں، میرے انٹیلی جنس ایجنسی کے لئے کام کرنے کو کیوں جھٹلایا جا رہا ہے۔ بھارتی جاسوس کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی والدہ اور اہلیہ کی آنکھوں میں خوف دیکھا اور وہ سہمی ہوئی تھیں۔ یاد رہے کہ فوجی عدالت سے سزا یافتہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلق رکھنے والے جاسوس کلبھوشن یادیو نے 25 دسمبر 2017 کو دفتر خارجہ میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ اور دفترخارجہ کی ڈائریکٹر انڈین ڈیسک ڈاکٹر فریحہ بگٹی کی موجودگی میں اپنی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کی تھی۔ دوسری طرف بھارت نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد کلبھوشن یادیو کی جاری کی جانے والی نئی ویڈیو کو پراپیگنڈا ہتھیار قرار دیکر مسترد کر دیا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان راویش کمار نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی نئی ویڈیو محض پراپیگنڈہ کا ایک ہتھیار ہے، مذکورہ ویڈیو قابل اعتماد نہیں ہے، پا کستان کو اس بات کا احساس کرنا چاہئے کہ ایسی ویڈ یوز سے مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے۔