الیکشن میں بھرپور حصہ‘ احسن اقبال‘ نثار سے بھی شہدا کا قصاص لیں گے: خادم رضوی‘ افضل قادری
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) اﷲ کے دین کو تخت پر لانے کیلئے الیکشن 2018 میں ملک بھر سے بھرپور حصہ لیا جائیگا، احسن اقبال اور چودھری نثار علی خان سے بھی شہداء کا قصاص لیا جائے گا۔ برسراقتدار آکر خلفائے راشدین کا نظام لائیں گے پھر کوئی ٹرمپ ہمیں دھمکیاںنہ دے سکے گا۔ لڑکیاں نچا کر نیا پاکستان نہیں بنایا جاسکتا ،دین آئے گا تو نیا پاکستان بنے گا۔ تین سو اور چار سو ایکڑ کے محلوں میں رہنے والے تبدیلی نہیں لاسکتے، تبدیلی محمد عربی ﷺ کے غلام لا سکتے ہیں اور ہم آپ کی پرچی کی طاقت سے یہ تبدیلی لاکر دکھائیںگے۔ دین آئے گا تو لال حویلی کے کرتوت بھی سامنے آئیں گے۔ راولپنڈی اسلام آباد کے لوگوں کی ناموس رسالتﷺ کے لئے قربانیاں بھلائیں نہیں جاسکتیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے لیاقت باغ میں تاجدار ختم نبوت کانفرنس بسلسلہ چہلم شہدائے ختم نبوت فیض آباد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تحریک لبیک پاکستان کے امیر مولانا خادم حسین رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہدائے ختم نبوت کا خون رنگ لا ئیگا اور چہلم کا یہ عظیم اجتماع نفاذ نظام مصطفیﷺ کیلئے پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ حکومت راجہ ظفر الحق رپورٹ تیار ہونے کے باوجود شائع نہ کرکے وعدہ خلافی کررہی ہے، رپورٹ فوری شائع اور ختم نبوت سے متعلقہ ترمیم کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، اگر یہ مطالبہ پورا نہ کیا گیا اور معاہدہ فیض آباد پر مکمل عمل درآمد نہ ہوا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ فیض آباد دھرنا کے شہیدوں، زخمیوں اور ختم نبوت کیلئے کردار ادا کرنیوالوں کو امت مسلمہ قیامت تک خراج تحسین پیش کرتی رہے گی۔ انہوں نے آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حلوے کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ دین آیا تو تمہاری شراب بند ہو جائے گی۔ انہوں نے راجہ ظفر الحق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اصل مجرم کا نام قوم کو بتادیں ہم آپ کو ایم این اے بنادیں گے۔ تحریک لبیک پاکستان کے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری نے کہا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ برسر اقتدار آکر سیاست نبوی و سیاست خلفاء راشدین کی روشنی میں وطن عزیز میں ایسی اصلاحات لائے گی کہ مسلمانوں کی دنیا وآخرت سنور جائے۔ جبکہ پاکستان میں غیر ملکی مداخلت کا قلع قمع اور اللہ کی زمین پر اللہ تعالیٰ اور اسکے رسول پاکﷺ کی شریعت نافذ کرینگے۔ سیاست نبوی و سیاست خلفاء راشدین کی روشنی میں حکمرانوں پر سادہ طرز زندگی لازم اور فضول رسوم پر پابندی لگا دی جائیگی۔ کرپشن کے تمام دروازے بند کر دئیے جائینگے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس وقت تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں نظریہ پاکستان اور اسلام سے منحرف ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا سیاستدان نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان سے اعراض کررہے ہیں لیکن محمد بن قاسم کے وارث جاگ اٹھے ہیں اب جلد وطن عزیز اسلامی فلاحی ریاست بنے گا۔ امریکی صدر کی دھمکیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور بتا دینا چاہتے ہیں کہ تحفظ پاکستان کیلئے علماء مشائخ اور پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ اس موقع پر پیر محمد افضل قادری نے علماء ومشائخ اور حاضرین سے تحفظ ختم نبوت، نفاذ نظام مصطفی اور تحفظ پاکستان کیلئے حلف لیا۔ اجتماع سے پیر سید عنایت الحق شاہ سلطانپوری، پیر سید انعام الحق شاہ، والد ممتاز قادری ملک بشیر احمد، پیر سید ظہیر الحسن شاہ، پیر قاضی محمود اعوانی، ڈاکٹر شفیق امینی، علامہ فاروق الحسن، سید حبیب الحق شاہ سلطانپوری، علامہ احسان الحق شاہ، مفتی حنیف قریشی، سید زمان علی جعفری، مفتی غلام غوث بغدادی، پیر اعجاز اشرفی، پیر سید منور شاہ بخاری، پیر غلام حسنین، پیر سید سرور شاہ، مولانا شاہد چشتی، مولانا شفیق الرحمن ہزاروی، مولانا عارف نوری، مفتی قاضی سعید الرحمن، علامہ عبد الطیف قادری، علامہ عبد الرحمن جامی، مولانا عبد الرحمن تابانی، پیر قاسم سیفی، مولانا شبیر حسین اور شہدائے ختم نبوت کے لواحقین نے بھی خطاب کیا۔