• news

الزامات پاکستان کی توہین امریکہ کی صفائی لاجسٹک سپورٹ روکی جائے:عمران

اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ نئی امریکی قومی سلامتی پالیسی کے بعد پاکستان خود کو امریکہ سے الگ کرے۔ پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ پاکستانی قوم کی توہین کی سوچی سمجھی کوشش ہے۔ ٹویٹ میں امریکی صدر کے پاکستان مخالف بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران نے کہا ہمیشہ ہم نے کسی کی جنگ میں حصہ بننے کی مخالفت کی۔ کبھی ادنیٰ مالی مفادات کی خاطر کسی کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ امریکہ سے الجھنا نہیں چاہتے مگر اس کی ناکامیوں کا بوجھ برداشت کرنے کا جواز نہیں۔ افغانستان کے مسئلے پر چین‘ روس اور ایران سے مل کر تعاون کی راہیں تلاش کی جا سکتی ہیں۔ قوم حکومت سے مل کر سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کی امید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو فضائی اور لاجسٹک سپورٹ روک دی جائے۔ امریکہ کا اضافی سفارتی اور غیر سفارتی عملہ نکال دیا جائے۔ علماء کرام کے وفد نے عمران سے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ عمران نے کہا کہ رسول پاکؐ سے محبت اور عقیدہ ختم نبوت پر کامل اور پختہ ایمان ہے۔ رسول پاکؐ کے ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہوتا ہے۔ مدینہ کی ریاست میری سیاست کا محور و مرکز ہے۔ پاکستان میں مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست کا قیام میری سیاسی جدوجہد کی منزل ہے۔ بین الاقوامی لابی کو خوش کرنے کیلئے ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کی کوشش کی گئی۔ ختم نبوت قانون میں ترمیم کرکے قوم خصوصاً مذہبی طبقے کے جذبات مجروح کئے گئے۔ قوم سے کئے گئے وعدے کے مطابق راجہ ظفرالحق رپورٹ کے اجراء کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن