• news

ہماراراستہ روکنے کے خواہشمند چہیتے سمیت منہ کی کھائیںگے :نواز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم نوازشریف نے جمعہ کا دن جاتی امرا میں گزارا جہاں ان سے وزیراعلیٰ شہبازشریف، سینیٹر سعود مجید، رانا محمد ارشد اور 100 سے زائد مسلم لیگی کارکنوں نے ملاقات کی۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے اپنے والد کی قبرپر حاضری دی جہاں محفل نعت ہوئی۔ نماز جمعہ کے بعد نوازشریف اور شہبازشریف نے تمام نمازیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کا حال احوال پوچھا۔ نوازشریف اور میاں شہبازشریف کو مسلم لیگی کارکنوں نے عمرے کی مبارکباد دی۔ شریف برادران نے رانا محمد ارشد کو بھی عمرے کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر کارکنوں سے نواز شریف نے کہا کہ الیکشن 2018ء قریب ہے، اگر ہمیں سکون سے کام کرنے دیا جاتا تو جس طرح ہم نے دہشت گردی کا جن بوتل میں بند کیا، لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں کامیابی حاصل کی، معیشت کو پٹڑی پر چڑھایا اسی طرح عوام کی خوشحالی کی منزل حاصل کرلینا تھی۔ ہمارے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے والے پاکستان کے خیرخواہ بنتے ہیں لیکن انہوں نے سی پیک کے منصوبے میں تاخیر کرائی تاہم اللہ کے فضل و کرم سے اب سی پیک پر پوری رفتار سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو تلقین کی کہ الیکشن کی بھرپور تیاری کریں۔ ہمارا راستہ روکنے کی خواہش رکھنے والے اپنے چہیتے سمیت منہ کی کھائیں گے۔ انشااللہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے سازشیوں کو ناکام بنا دیں گے۔ شہبازشریف اور نواز شریف کی ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور نیب ریفرنسز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں الیکشن 2018ء کے حوالے سے مختلف پہلوئوں پر غور کرنے کے بعد شہبازشریف نے اپنے بھائی سے انکی احتجاجی حکمت عملی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں شہبازشریف نے سابق وزیراعظم کو ایک مرتبہ پھر مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے خلاف ہونییوالے فیصلے کیخلاف ردعمل میں اداروں پر سخت الفاظ میں تنقید کرنے سے گریز کریں۔ ملاقات میں شہبازشریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بھی نوازشریف سے مشاورت کی۔سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں آج کوٹ مومن میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور دیگر مرکزی رہنما بھی جلسے میں ان کے ہمراہ ہوں گے۔ تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی جلوسوں کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کوٹ مومن میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ اس سرچ آپریشن میں پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر حساس اداروں نے حصہ لیا۔ دوران سرچ آپریشن دو مشکوک افراد کو زیر حراست لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔جلسہ گاہ میں ڈرون کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائیگی جبکہ سراغ رساں کتوں سے مدد سے بھی لی جائے گی پنڈال میں جانے والوں کو واک تھرو گیٹ اور جامع تلاشی کے بعد ہی جانے دیا جائیگا ٹریفک پولیس کے علاوہ ضلع پولیس نے اپنے اپنے سکیورٹی پلان تیار کرکے ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج سے باقاعدہ تحریک عدل شروع کر رہے ہیں جس کا آغاز وہ سرگودھا سے کر رہے ہیں، انکے ساتھ ان کی صاحبزادی بھی جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن